وزارت دفاع سے ملی ہری جھنڈی ،پاکستان کا دورہ کرے گی سری لنکائی ٹیم

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 20-September-2019

کولمبو،( آئی این ایس انڈیا ) سری لنکا کرکٹ بورڈ نے جمعرات کو کہا کہ کھلاڑیوں پر دہشت گردانہ حملے کے خدشہ کے باوجود ان کی ٹیم چھ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔سری لنکا کرکٹ کے سیکرٹری موہن سلوا نے کہا کہ انہیں پاکستان کا دورہ کرنے کے لئے وزارت دفاع سے ہر طرح کی منظوری مل گئی ہے۔سلوا نے کہاکہ ہمیں وزارت دفاع سے ہری جھنڈی مل گئی ہے۔دورہ پہلے سے مقرر پروگرام کے مطابق ہوگا۔میں خود اور ہمارے عہدیدار بھی ٹیم کے ساتھ جائیں گے۔گزشتہ ہفتے کی رپورٹ میں ممکنہ دہشت گردانہ حملے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا جس کی جانچ کے لیے وزارت دفاع کو کہا گیا تھا۔سری لنکا کی ٹیم پر مارچ 2009 کے دورے کے دوران لاہور میں دہشت گرد حملہ ہوا تھا جس میں چھ کھلاڑی زخمی ہوئے تھے۔چھ پاکستانی پولیس اہلکار اور دو شہریوں کی اس حملے میں موت ہو گئی تھی۔اس حملے کے بعد زیادہ تر بین الاقوامی ٹیموں نے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔