پاپولر فرنٹ نے کیا عوامی حقوق کانفرنس مہم کے آفس کا افتتاح

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 10-September-2019

نئی دہلی(پریس ریلیز)پاپولر فرنٹ آف انڈیا آنے والے ۲۹؍ستمبر ۲۰۱۹ کو نئی دہلی کے اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں عوامی حقوق کانفرنس کے نام سے ایک عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کرنے جا رہی ہے۔ کانفرنس کی تیاری کے لئے ۸؍ستمبر ۲۰۱۹ کو صبح ۱۱؍بجے شاہین باغ، مولانا شبلی نعمانی روڈ پر کانفرنس مہم کے آفس کا افتتاح پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے چیئرمین ای ابوبکر نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ افتتاح کے بعد حاضر ین سے خطاب کرتے ہوئے ای ابوبکر نے ملک کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاپولر فرنٹ اپنی شروعات سے ہی شہری حقوق کی حفاظت کے لئے کوشش کرتی آئی ہے۔ انہوں نے موجودہ منظرنامے میں متحد ہوکر خوف اور نفرت کے خاتمے اور پرامن ماحول بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔سوشل ڈیموکر یٹک پارٹی آف انڈیا کے قومی جنرل سکریٹری محمد شفیع نے کہا کہ آج ملک پر فسطائی طاقتوں کا قبضہ ہو گیا ہے، جو ہر دن ملک کے دستور کی دھجیاں اڑاتے ہوئے اپنے فسطائی ایجنڈے پر آگے بڑھ رہی ہیں۔نارتھ زون کے صدر اے ایس اسماعیل نے پروگرام میں شامل سبھی حاضرین سے عوامی حقوق کانفرنس کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ دیگر مقررین میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے قومی سکریٹری عبدالواحد سیٹھ، قومی مجلس عاملہ کے رکن ای ایم عبدالرحمن، ایڈوکیٹ یوسف، نارتھ زون کے سکریٹری انیس انصاری، دہلی صوبائی صدر پرویز احمد، دہلی صوبائی جنرل سکریٹری محمد الیاس وغیرہ بھی موجود تھے۔