ہریانہ میں قتل کئے گئے مسجد کے امام حافظ عرفان اور ان کی اہلیہ کی تدفین میں ایس ڈی پی آئی لیڈران کی شرکت

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 10-September-2019

نئی دہلی ( پریس ریلیز)۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کی ایک وفد نے ہریانہ کے ضلعی سونی پت کے مانک ماجرا گائوں کا دورہ کیا اور مسجد کمیٹی کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور امام حافظ عرفان اور ان کی اہلیہ کے قتل کے وجوہات کے بارے میں معلومات حاصل کیا اور پارٹی لیڈران نے نماز جناہ اور تدفین میں شرکت کیا۔ وفد میں ایس ڈی پی آئی قومی ورکنگ کمیٹی رکن ڈاکٹر نظام الدین خان، نو ر حسن ، ریاستی سکریٹری ،اتر پردیش، مولانا قمر مظہری ، ریاستی خازن، اتر پردیش اور شاملی ضلعی صدر اسرار احمد، اکبر علی، پاپولر فرنٹ آف انڈیا کیرانہ کے ضلعی صدر سرو ر علی اور محمد گلفام شریک تھے۔ وفد کو ملے تفصیلات کے مطابق سونی پت کے تھانہ گننورپولیس اسٹیشن کے تحت واقع مسجد میں ہفتہ کی رات امام حافظ عرفان اور ان کی اہلیہ کو تیز دھاروں والے ہتھیاروں سے قتل کیا گیا تھا۔ اتوار کی صبح پولیس نے دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوایا اور اتوار کی شام کو دونوں لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ان کے آبائی گائوں ، موہالی ، ضلع پانی پت میں پہنچا دی گئیں۔ مقتول حافظ عرفان کے چچا حاجی اصغر ، ان کے بھائی آفتاب عالم اور کنبہ کے دیگر افراد نے بتایا کہ امام عرفان نابنیا تھے اور ان کی اہلیہ بھی جسمانی طور پر معذور تھیں۔ حافظ عرفان موہالی گائوں کا رہائشی تھے اور پچھلے چارسالوں سے مانک ماجرا گائوں کے مسجد میں امامت کررہے تھے۔ ان کی شادی ایک سال قبل دہلی کی رہائشی یاسمین سے ہوئی تھی۔ ان دونوں کا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں تھا او ر نہ ہی مسجد کی دیوار کو لیکر ان کا کسی سے تنازعہ تھا۔ امیر الدین کے بیٹے حکیم الدین رہائشی مانک ماجرا نے وفد کو بتایا کہ ایک پلاٹ کی دیوار کو لیکر گائوں کے دلت( چمار) برادری کے لوگوں کو پولیس نے شبہ کی بنیاد پر اٹھایا تھا۔ جس کولیکر ہفتہ کے روز کچھ جھگڑا ہوا تھا ، جس کے بعد دلتوں نے اس گائوں کے مسلمانوں کو دھمکی دی تھی کہ وہ اس گائوں میں کسی مسلمان کو رہنے نہیں دیں گے۔اس کے بعد رات میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ وفد نے گائوں اور دیگر علاقائی لوگوں سے ملاقات کرنے کے بعد مرحوم امام عرفان کے چچا حاجی اصغر، بھائی آفتاب عالم اور خاندان کے دیگر ارکان کو یقین دلایا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ایس ڈی پی آئی ان کے ساتھ ہے اور حافظ عرفان اور ان کی بیوی کے قاتلوں کو سزا دلانے کیلئے ہر طرح کی قانونی مدد دینے کیلئے تیار ہے ۔پارٹی قومی ورکنگ کمیٹی رکن ڈاکٹر نظام الدین خان نے ہریانہ حکومت اور مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس دوہرے قتل کے مجرموں کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے اور انہیں سزا دی جائے ۔