ہندستان ہندوستان

دن میں سفر کرنے والوں کے لیے 12نئی پیسنجر ٹرین شروع

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 16-Oct-2019

نئی دہلی(یو این آئی)انڈین ریلوے نے ملک کے مختلف حصوں میں روزگار اور تعلیم کی غرض سے باضابطہ دن میں سفرکرنےو الوں کے لیے 12جوڑی نئی پیسنجر ٹرین شروع کی ہے۔ نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر منعقد ایک تقریب میں وزیر ریل پیوش گوئل نے صحت، سائنس اور ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن، پٹرولیم، قدرتی گیس اور اسٹیل کے مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان، مرکزی وزیر مملکت برائے ریل سریش سی انگڑی اور نئی دہلی سے رکن پارلیمنٹ میناکشی لیکھی کی موجودگی میں انہی دس ٹرینوں میں دہلی سے شاملی کے درمیان پیسنجر ٹرین سمیت نو ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھا کر افتتاح کیا۔ دہلی کے علاوہ انہوں نے بھونیشور، کویمبٹور،تُمکور،پولاچی، سلیم، اساروا، میہسانا اور مُرکنگسیلیک اسٹیشنوں پر ویڈیو لنک کے ذریعے ٹرینوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پروزیر ریل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان ٹرینوں کےتوسل سے غریب مسافروں کو اچھی سہولت دینے کی پہل کی گئی ہے۔ مسٹر گوئل نے کہا کہ پانچ ہزار ریلوے اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی انٹرنیٹ سروس کا کروڑوں غریب اور دیہی عوام کو فائدہ مل رہا ہے۔ انہوں نے وڈنگر سے میہسانا کے درمیان دو جوڑی ڈیموٹرین شروع کرنے کے عمل کو وزیر اعظم نریندر مودی کا تحفہ قرار دیا۔ انہوں نے بتایاکہ یہ تمام سروسز فی الحال تمام بڑے اسٹیشنوں پر مہیا ریکوں کے مکمل استعمال سے ممکن ہوئیں ہیں۔ کوئی اضافی ریک نہیں لایا گیا ہے۔مسٹر گوئل نے سابق صدر جمہوریہ ہند، میزائل مین ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی 88ویں سالگرہ کے موقع پر انھیں یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی ریلوے سے مربوط تھی۔ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ اس عمل سے چھوٹے قصبوں میں رہ کر میٹرو شہروں میں روزگار اور پڑھائی کرنے والے تمام افراد اور طلبہ کو سہولت ہوگی۔ چھوٹی مسافت کا سفر کرنےوالے تمام مسافروں کو بھی فائدہ ہوگا۔ مسٹر پردھان نے اڈیشہ میں ریلوے کی ترقی کے لیے وزیر اعظم اور وزیر ریل کا شکریہ ادا کیا۔

About the author

Taasir Newspaper