سیاست سیاست

چدمبرم کو ایک لاکھ روپئے کے ذاتی مچلکے پر ضمانت

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 22-Oct-2019

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے سابق وزیر خزانہ اور سینئر کانگریسی لیڈر پی چدمبرم کو آئی این ایکس میڈیا کرپشن معاملہ میں سی بی آئی کی جانب سے درج کیس میں ضمانت دے دی ہے۔ چدمبرم اس کے باوجود رہا نہیں ہو سکیں گے کیونکہ وہ اس میڈیا گروپ سے متعلق کالے دھن کو سفید بنانے (منی لانڈرنگ) کے ایک اور معاملہ میں 24 اکتوبر تک ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ) کی حراست میں ہیں۔ جسٹس آر بھانومتی کی صدارت والی بنچ نے منگل کو پی چدمبرم کو ضمانت دینے کا فیصلہ سنایا۔ انہوں نے کہا’’درخواست گزار کو ضمانت پر رہا کیا جا سکتا ہے، بشرطیکہ وہ کسی دوسرے معاملہ میں گرفتار نہ ہو‘‘۔خیال رہے کہ سابق وزیر خزانہ نے دہلی ہائی کورٹ سے ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد عدالت عظمیٰ میں اپیل کی تھی۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلہ کے بعد دہلی ہائی کورٹ کا فیصلہ غیر مؤثر ہو جائے گا۔ چدمبرم فی الحال اسی معاملہ میں ای ڈی کی حراست میں ہیں۔ عدالت عظمیٰ کا یہ فیصلہ سی بی آئی کے معاملہ سے منسلک ہے اور اس کا ای ڈی کے معاملہ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔چدمبرم کو ایک لاکھ روپئے کے ذاتی مچلکے پر ضمانت دے دی گئی ہے

About the author

Taasir Newspaper