اپنے پروڈکشن کی فلموںمیں کام نہیں کریں گی کنگنا رنوت

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-Oct-2019

ممبئی،(یو این آئی) بالی وڈ اداکارہ کنگنا رنوت کا کہنا ہے کہ وہ اپنے پروڈکشن کی فلموں میں کام نہیں کریں گی۔سال 2017 میں کنگنا نے اعلان کیا تھا کہ وہ جلد ہی اپنا پروڈکشن ہاؤس کھولیں گی ۔ اسٹوڈیو بنانے کے لئے انہوں نے باندرہ کے پالی ہل علاقے میں زمین بھی خرید لی تھی لیکن کئی وجوہات کی بناء پر کچھ وقت کے لئے پروڈکشن ہاؤس کھولنے کا منصوبہ رک گیا ۔ لیکن اب آئندہ برس جنوری تک ان کا پروڈکشن اسٹوڈیو بن کر تیار ہوجائے گا۔ کنگنا نے پروڈکشن ہاؤس کا نام ’منی کرنیکا فلمز‘ رکھا ہے حالانکہ وہ اپنے پروڈکشن کی فلموں میں خود کام نہیں کریں گی بلکہ دیگر باصلاحیت لوگوں کو موقع دیں گی۔کنگنا نے بتایا کہ فلم میکرس ان کے پاس نئی نئی اسکرپٹ لے کر آرہے ہیں لیکن وہ چاہتے ہیں کہ میں ان فلموں میں ایکٹنگ کروں ۔ ان کا خیال ہے کہ نئے ٹیلنٹ کو ایک ایسے پلیٹ فارم کی ضرورت ہے جہاں و ہ اپنی ایکٹنگ کا ہنر دکھا سکیں ۔انہوں نے کہا ’’میں جو بھی فلمیں پروڈیوس کروں گی ان میں اداکاری نہیں کروں گی۔ ہمارے گردونواح بہت ٹیلنٹ ہے اور میں ایسے فنکاروں کو موقع دوں گی جو اسکرپٹ کے لحاظ سے بہترین ہیں۔ میں نئے ٹیلنٹ کو اپنی سرپرستی میں رکھوں گی اور انہیں گائیڈ کروں گی۔ ”کنگنا نے کہا کہ وہ پہلے چھوٹے بجٹ کی فلموں پر توجہ دیں گی اور دیکھیں گی کہ انہیں کیسا ردعمل مل رہا ہے۔ اس کے بعد ہی وہ بڑے پیمانے پر کچھ کریں گی۔