ایماندارانہ جذبے کے ساتھ کھیل رہے ہیں کھلاڑی: وراٹ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 23-Oct-2019

رانچی،(یو این آئی ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف منگل کو ملی زبردست کلین سویپ فتح کے بعد کہا کہ تمام کھلاڑی ایماندار اور جوش بھرے جذبے کے ساتھ کھیل رہے ہیں جس کی بدولت ٹیم کو اس طرح کے نتائج مل رہے ہیں۔ہندستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن اننگز اور 202 رنز سے شکست دی۔ اس سے قبل پنے ٹیسٹ میں بھی اس نے حریف ٹیم کو اننگز سے شکست دی تھی۔ اسی کے ساتھ میزبان ٹیم نے گھریلو میدان پر تین ٹسٹ میچوں کی سیریز میں 3-0 سے کلین سویپ کر لی۔وراٹ نے جیت کے بعد کہاکہ ہمارا جذبہ آغاز سے ہی ایماندارانہ رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہمیں اس طرح کے نتائج مل رہے ہیں۔ ہم جب تک اسی سمت میں کھیلتے رہیں گے ہمیں یہی نتائج ملتے رہیں گے۔ ہم ٹیسٹ میں دنیا کی بہترین ٹیم بننا چاہتے ہیں اور جب تک ہم مقابلہ کرتے رہیں گے حالات ہمارے حق میں بنے رہیں گے۔ہندوستانی کپتان نے اس بات پر خوشی ظاہر کی کہ میدان پر حالات سازگار نہ ہونے کے باوجود کھلاڑیوں نے بہت اچھی کارکردگی کی ۔ انہوں نے کہاکہ تم سب نے دیکھا کہ ہم سب نے کیسا مظاہرہ کیا۔ ہم نے ایسی پچ پر یہ کھیل دکھایا جہاں کرنے کے لئے بہت کچھ نہیں تھا، اور ہمیں اس پر فخر ہے۔ ہندستانی گیند بازوں نے اس میچ میں جنوبی افریقہ کو دونوں اننگز میں آل آؤٹ کیا۔ تیز گیند بازوں میں امیش یادو اور محمد سمیع نے مل کر سیریز میں 26 وکٹ جبکہ اسپنروں نے کل 34 وکٹ لئے۔وراٹ نے کہاکہ ہم جب خارجی دورے پر جاتے ہیں تب بھی ہم مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارے کھلاڑیوں نے صحیح ذہنیت کے ساتھ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کافی محنت کی۔ اگر آپ دنیا میں بہترین بننا چاہتے ہیں تو آپ کو آل راؤنڈ کھیل کھیلنا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ اسپنر ہمیشہ سے ہماری طاقت رہے ہیں اور بلے بازی بھی ہمارے لیے کبھی پریشانی نہیں رہی ہے۔ ایشانت شرما ہی ٹیم میں ہماری سب سے زیادہ تجربہ کار بولر تھے۔ بلےبازوں نے بھی اپنی ذمہ داری اچھے سے ادا کی۔ ہم نے تمام ٹیسٹ میچوں میں رنز بنائے ہیں۔ کم تجربہ کے باوجود ہماری کارکردگی اچھی رہی ہے اور ہمارا خیال ہے کہ ہم کہیں بھی جیت سکتے ہیں۔وراٹ کوہلی کی کپتانی میں ہندستان نے اسی کے ساتھ گھریلو میدان پر مسلسل 11 ٹیسٹ سیریز جیتنے کی کامیابی بھی اپنے نام کر لی ہے۔ وہیں ہندوستانی ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں یہ 14 ویں فتح ہے جبکہ باقی ایشیائی ٹیم مل کر کل 13 بار جنوبی افریقہ کی ٹیم کو شکست دے پائی ہیں۔