بدعنوانی پر مبنی آبی جماؤ کیلئے صرف کچھ انجینئروں کو وجہ بتاؤ نوٹس : تیجسوی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 16-Oct-2019

پٹنہ ( یواین آئی ) بہاراسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور راشٹریہ جنتادل ( آر جے ڈی ) کے سنیئر لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے گذشتہ مہینے زبردست بارش سے دار الحکومت پٹنہ میں ہوئے آبی جماؤ کے لئے انجینئروں کے خلاف جاری وجہ بتاؤ نوٹس کو لیکر نتیش حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے آج کہاکہ حکومت نے اپنے وسیع بدانتظامی اور بد عنوانی پر مبنی آبی جماؤ کیلئے چند انجینئروں کو ہی یہ نوٹس جاری کیاہے ۔مسٹر یادو نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کر کے کہا کہ ” نتیش جی نے اپنے وسیع بد انتظامی بدعنوانی پر مبنی آبی جماؤ کیلئے چند انجینئروں کو ”شو کاز“ کیا ہے لیکن عوام نے انہیں جو شو کاز کیا ہے اس پر کیوں خاموش ہیں۔ آپ جو چودہ سال سے سورہے تھے اس شو کاز پر بھی کچھ بولیں ۔ نچھتر اور قدر ت کو شو کاز کیوں نہیںکیا۔اپوزیشن لیڈر نے سوالیہ لہجے میںکہاکہ ” وزیراعلیٰ بتائیںکہ کیا یہ انجینئرآبی جماؤ ، نالہ ، سیور ، نمامی گنگے اور ڈرنیج سے متعلق لئے گئے فیصلے اور پالیسی ساز عمل کا حصہ تھے ۔ بد قسمتی ہے تما پالیسی آپ اور آپ کے بڑے بدعنوان افسران بناتے ہیں لیکن بدعنوانی کی لیپا پوتی کی وجہ آپ چھوٹے ملازمین سے پوچھ رہے ہیں۔مسٹر یادو نے ایک دیگر ٹوئٹ میںکہاکہ ” عوام کو ہرسال بڑے ۔ بڑے انسانی کارنامے اور بدعنوانی پر مبنی آفات اور بد انتظامی کے غار میں دھکیلنے والے مبینہ سوشاسن بابو کی کہیںکوئی ذمہ داری کیوں نہیںہے ۔ پلٹی مار لوگ چاہتے ہیںکہ اقتدار انہیں ہر سکھ ،خوشی اور عیش وعشرت دے ، بس ذمہ داری نہ دے “۔غور طلب ہے کہ بہار حکومت نے گذشتہ دنوں زبردست بارش سے دار الحکومت پٹنہ میں آبی جماؤ کی خطرناک صورتحال کی وجہ نالے کی صحیح طریقے سے صفائی نہ ہونا ، صحیح وقت پر ڈرنیج پمپنگ سسٹم کا کام نہیں کرنا اور کئی پمپنگ سسٹم کا پانی میں ڈوب جانا بتایا اور کہاتھا کہ ڈیولپمنٹ کمشنر کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل ہوگی جو ایک مہینے کے اندر آبی جماؤ کی وجوہات اورخامیوں کی جانچ اور ملزمین کے خلاف رپورٹ دے گی ۔ساتھ ہی وزیراعلیٰ مسٹر کمار نے کل آبی جماؤ سے متعلق اجلاس میں لئے فیصلوں کی معلومات دیتے ہوئے بتایاتھا کہ آبی جماؤ کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانی ہوئی ہوئی ہے ۔شہری ترقیات اور رہائشی محکمہ نے اس کے لئے کچھ قصور وار افسران پر کاروائی کی ہے ۔ ان میں بڈکو کے ایک چیف انجینئر ، دو سپرنٹنڈنگ انجینئر ، چھ ایکزیکٹیو انجینئر ، ایک ایکزیکٹیو انجینئر ( میکانیکل ) ایک اسسٹنٹ انجینئر ( میکانیکل) سمیت کئی دیگر افسران اور انجینئروںکے خلاف وجہ بتاؤ نوٹس جاری کر کے ان کے تنخواہ کی ادائیگی پر روک لگا ئی گئی ہے ۔