جانوروں میں ٹیکہ کاری مہم کا آغاز:پربھو چوہان

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-Oct-2019

بیدر(افسر علی نعیمی ندوی) ریاست میں 80.02لاکھ مویشی (گائے اور بیل وغیرہ )ہیں، 27.46لاکھ بھینس،اور 2.08لاکھ خنزیر ہیں۔ اس طرح جملہ 111.36 لاکھ جانوروں کو ریاست کے 30اضلاع میں 22دن تک منہ اور پیر کی بیماری سے بچانے کے لئے انجکشن مہم کا آغاز محکمہ افزائش مویشیاں، اقلیتی بہبود ، وقف ، حج ،اور بیدر ضلع انچارج وزیر پربھو چوہان نے کیا۔ وہ اپنے دیہات اوراد کے تعلقہ بونتی تانڈا میں مویشیوں کوانجکشن لگانے کی مہم کے 16ویں مرحلہ سے خطاب کرر ہے تھے۔ مہم کے نوڈل افسر کے ماتحت یہ پروگرام ریاست کے تمام اضلاع میں بیک وقت 22دن تک چلے گا۔ریاستی سطح پر ہونے والی ٹیکہ کاری مہم میں جملہ 1003ٹیمیں بنائی گئی ہیں ۔ 9303 انجکشن لینے والے اس پروگرام میں حصہ لیں گے۔ ریاست میں اس پروگرام کیلئے 1192گاڑیاں استعمال کی جائیں گی۔ تمام دیہات اور شہری علاقوں میں زوردار تشہیر 4نومبر تک جاری رہے گی ۔ ہر دن چلنے والے ٹیکہ کاری پروگرام کی تفصیلات دوپہر کو محکمہ کی ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی۔ انھوں نے بتایاکہ اس ویب سائٹ سے اس کی بابت معلوم حاصل کرسکتے ہیں۔ریاستی سطح پر انجکشن مہم پلس پولیو کے انداز میں چلے گی ۔ کسانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے جانوروں کو انجکشن لے کر اس سے استفادہ کریں۔ پربھوچوہان نے ریاست کی عوام سے کہاہے کہ وہ اس میں حصہ لے کر اپنے جانوروں کو 100فیصد انجکشن لگوائیں۔ اس تقریب کے موقع پر ضلع پنچایت رکن ماروتی چوہان، تعلقہ اور گرام پنچایت اراکین ، افزائش مویشیاں اور محکمہ مویشی خدمات کے ڈپٹی ڈائرکٹر ڈاکٹر گوتم ارلی موجود تھے۔