جرائم میں سرفہرست یو پی کے وزیر اعلی اعدادوشمار بھی نہیں دیکھناچاہتے:پرینکا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 23-Oct-2019

لکھنؤ:(یواین آئی) کانگریس صدر سونیا گاندھی کے پارلیمانی حلقے رائے بریلی کے دورے سے ٹھیک پہلے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے اترپردیش کی یوگی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ خواتین جرائم میں سرفہرست اس ریاست کے وزیراعلی اعدادوشمار پر ایک بار غور کرنے کی ضرورت تک محسوس نہیں کرتے۔محترمہ واڈرا نے منگل کو اپنے ٹوئٹ میں لکھا’’ پورے ملک میں خواتین پر سب سے زیادہ جرائم یو پی میں ہورہے ہیں۔ ایک سال میں 56000 سے زیادہ جرائم وقوع پذیر ہورہے ہیں اور اس میں وہ واقعات شامل نہیں ہیں جن کی رپورٹ درج نہیں ہوئی۔کیا یہ اعدادوشماراتنے بھی سنگین نہیں ہیں کہ وزیر اعلی اس پر غور کرنے کی ضرورت تک محسوس نہیں کرتے ۔قابل ذکر ہے کہ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو(این سی آر بی) کے ذریعہ جاری اعدادوشمار میں مجرمانہ معاملات میں اترپردیش کو پورے ملک میں سرفہرست بتایا گیا ہے۔2017 میں جاری اعدادوشمار کے مطابق پورے ملک میں خواتین ہراسانی کے 14 فیصدے معاملے تنہایو پی میں ہوتے ہیں۔اس درمیان محترمہ واڈرا نے منگل کو لکھنؤ پہنچی جہاں سے وہ سڑک راستے کے ذریعہ کانگریس صدر و اپنی ماں سونیا گاندھی کے پارلیمانی حلقے رائے بریلی کے تین روزہ دورے کے لئے روانہ ہوگئے۔ کانگریس جنرل سکریٹری رائے بریلی کے بھوئی مئو گیسٹ ہاوس میں اترپردیش کی نئی ایگزیکٹو کے تربیتی پروگرام کا افتتاح کریں گی۔ دو روزہ تربیتی پروگرام بند کمرے میں ہوگا اور میڈیا کو اس سے دور رکھا گیا ہے۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ یہ میٹنگ 2022 کے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے پیش نظر منعقد کیا گیا ہے۔