جمی نیشام نے اڑایا آئی سی سی کا مذاق

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 16-Oct-2019

ویلنگٹن،( آئی این ایس انڈیا ) نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر جمی نیشام نے منگل کو آئی سی سی کا مذاق بنایا جب آئی سی سی نے باؤنڈری گننے کا متنازعہ قوانین ہٹانے کا فیصلہ کیا۔اسی قانون کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف نیوزی لینڈ کو ون ڈے ورلڈ کپ فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔آئی سی سی نے پیر کو سپر اوور کے اپنے قوانین میں تبدیلی کی۔جولائی میں مردوں کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کو باؤنڈری کی گنتی کی بنیاد پر نیوزی لینڈ کے خلاف فاتح قرار دیا گیا تھا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سپر اوور بھی ٹائی رہا تھا جس کے بعد باؤنڈری کی گنتی کی گئی جس میں انگلینڈ فاتح رہا۔نیشام نے ٹویٹ کیاکہ اگلا ایجنڈا’ ٹائٹینک پر برف دیکھنے کے لئے بہترین دوربین‘۔نیوزی لینڈ کے سابق بلے بازی کوچ کریگ میکملن نے کہاکہ آئی سی سی نے تھوڑی دیر کر دی۔نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ورلڈ کپ کے متنازعہ فائنل کے بعد آئی سی سی نے قوانین کو بہتر بنایا۔انہوں نے کہاکہ مستقبل کے لئے یہ بہتر ہے۔ماضی کو ہم تبدیل نہیں کر سکتے لیکن ہمیں خوشی ہے کہ بہتر حل نکالا گیا ہے۔ آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ سپر اوور کے بھی ٹائی رہنے کی صورت میں فاتح کا تعین ہونے تک سپر اوور کھیلے جاتے رہیں گے۔