جنوبی افریقہ کو جھٹکا، زخمی مارکرم رانچی ٹیسٹ سے باہر

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-Oct-2019

رانچی،(یو این آئی ) ہندستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-2 سے پیچھے چل رہی جنوبی افریقہ کی ٹیم کو اوپنر ایڈن مارکرم کی کلائی کی چوٹ کی وجہ سے رانچی میں ہفتہ سے ہونے والے تیسرے اور آخری ٹیسٹ سے باہر ہونے سے گہرا جھٹکا لگا ہے۔اپنی کارکردگی سے مایوس مارکرم نے پنے میں دوسرے ٹیسٹ کے دوران جنوبی افریقہ کے ڈریسنگ روم میں اپنا ہاتھ کسی مضبوط چیز پر دے مارا تھا جس سے ان کی کلائی میں چوٹ آئی اور انہیں تیسرے ٹیسٹ سے باہر ہو جانا پڑا۔ مارکرم کی جگہ لینے کے لئے کسی کھلاڑی کو نہیں بلایا گیا ہے۔جنوبی افریقہ کے ٹیم ڈاکٹر هرشیندر رام جی نے بتایا کہ مارکرم کی کلائی میں فریکچر ہے اور وہ وطن واپس لوٹنے کے بعد ماہر سے مشورہ لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اسکین سے پتہ چلا ہے کہ مارکرم کی کلائی میں فریکچر ہے اور میڈیکل ٹیم نے انہیں تیسرے ٹیسٹ سے باہر کر دیا ہے۔ مارکرم جمعرات کی صبح وطن لوٹ چکے ہیں۔اس سے پہلے لیفٹ آرم اسپنر کیشو مہاراج بھی چوٹ کی وجہ سے تیسرے ٹیسٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔