’علی گڑھ بچوں کا گھر ‘میںامریکی ڈاکٹر نوشہ اسرار کی آمد

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 23-Oct-2019

علی گڑھ (پریس ریلیز) ہوسٹن امریکہ کے معروف دانشور، مفکر اور شاعر ڈاکٹر نوشہ اسرار نے۲۰؍اکتوبر کو’ علی گڑھ بچوں کا گھر‘ کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر نوشہ اسرار نے ’علی گڑھ بچوں کا گھر‘ میں مقیم طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سائنسی نقطۂ نظرسے انسان کو ہمہ جہتی ہونا چاہئے۔ جو طلباء صرف اور صرف تعلیم کے میدان کو سب کچھ سمجھتے ہوئے اپنی زندگی تعلیم کے لئے وقف کر دیتے ہیں اُن کا موازنہ اگر اُن طلباء سے کیا جائے جو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل، تخلیق اور دیگر میدانوں میں بھی آزمائش کرتے ہیں تو وہ زندگی کے کسی نہ کسی شعبہ میں کم وقت میں زیادہ ترقیاں حاصل کر لیتے ہیں۔ اس لئے بچوں کو چاہئے کہ وہ اعلیٰ تعلیم کو اپنا ہدف ضرور بنائیں لیکن دوسرے کاموں کو بھی اس کے ساتھ کرتے رہیں خالی بیٹھ کر وقت ضائع نہ کریں۔ کم عمری میں بچوں کی دماغی نشو و نما ارتقا پذیر ہوتی ہے اس عمر میں جو خواب دیکھئے جاتے ہیں انہیں تعبیر سے ہم کنار ہونے میں دیر نہیں لگتی۔ اس لئے ہمیشہ بڑے خواب دیکھیں اور مثبت سوچ رکھیں اور مقصد، محنت، لگن، ایمانداری، دیانتداری، پابندیٔ وقت کے ساتھ اپنے مقصد کے حصول میں لگ جائیں۔ ڈاکٹر نوشہ اسرار نے بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے فرمایا کہ عزم اور یقین سے ہی منزلوں کی بلندیوں پر پہنونچا جاتا ہے۔ آپ پختہ یقین کے ساتھ اپنی منزلوںپر پہونچنے کی کوشش کرتے رہیں ان شاء اللہ کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔ڈاکٹر نوشہ اسرار نے’ علی گڑھ بچوں کا گھر‘ میں یتیم و نادار بچوں کی تعلیم و تربیت پر پسندیگی کا اظہار فرمایا اور ان کی تعلیمی و تہذیبی صلاحیتوں کو دیکھ کر خوش ہوئے، منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور ادارہ کی ترقی، اس میں تعلیم پانے والے بچوں کو اپنی نیک دعائوں اور مفید مشوروں سے بھی نوازا۔بچوں کی فرمائش پر ڈاکٹر نوشہ اسرار جو کہ ایک معروف دانشور، مفکر اور شاعر ہیں نے بچوں کو ایک بہت عمدہ، متاثر کن اور حوصلہ افزا نظم سنائی جسے سننے کے بعد تالیوں کی آواز سے پورا ہال گونج اٹھا تھا۔ اخیر میں سوالات و جوابات کا ایک طویل سلسلہ جاری رہا اور ڈاکٹر نوشہ اسرار نے بچوں کے سارے سوالات کا بہت ہی اچھے انداز میں مثالوں کے ساتھ جوابات دیکر انہیں مطمئین کیا۔