میتھی مچھلی بنانے کی ترکیب

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 24-Oct-2019

تیاری کا مکمل وقت

15 منٹ

پکانے کا وقت

40 منٹ

کتنے لوگوں کیلئے ہے

4 افراد

اجزاء

 چھوٹی میتھی آدھا کلو

 مچھلی کے قتلے آدھا کلو

 نمک حسب ذائقہ

 ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچ

 لہسن کے جوئے دو سے تین عدد

 پیاز ایک عدد درمیانی

 آلو ایک عدد درمیانہ

 ثابت لال مرچیں دو سے تین عدد

 پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچ

 ہلدی ایک چائے کا چمچ

 ہری مرچیں تین سے چار عدد

 ہرادھنیا چار کھانے کے چمچ

 لیموں کارس دو کھانے کے چمچ

 قصوری میتھی ایک چائے کا چمچ

 کوکنگ آئل حسب ضرورت

تیار کرنے کی ترکیب

چھوٹی میتھی کی گٹھیاں کھول کر اس کے نیچے سے ڈنٹھل کاٹ لیں اور انھیں صاف دھو کر ٹھنڈے پانی میں آدھا چائے کا چمچ ہلدی کے ساتھ بھگو کر دس سے پندرہ منٹ کے لئے رکھ دیں۔اس طرح اس کی کڑواہٹ کم ہو جاتی ہے ۔

ادرک لہسن،نمک،لال مرچ،ہلدی اور پسے ہوئے ہرے مصالحے(ہرادھنیا اور ہری مرچیں)کو پانی کا چھینٹا دے کر پیسٹ بنالیں اور مچھلی کے قتلوں کو صاف دھو کر اس مصالحے سے میرینیٹ کرلیں۔

کوکنگ آئل میں مچھلی کے قتلوں کو سنہرا فرائی کرکے نکالیں پھر اسی تیل میں آلو کے چھوٹے ٹکڑے کرکے ہلکی آنچ پر فرائی کریں۔

مچھلی والے کنولا آئل میں سے چار کھانے کے چمچ تیل میں باریک کٹی ہوئی پیاز،لہسن اور ثابت لال مرچوں کو سنہرا فرائی کریں۔

پھر اس میں باریک کٹی ہوئی میتھی اور فرائی کیے ہوئے آلو کے ٹکڑے ڈال کر ہلکا سا ملائیں اور ہلکی آنچ پر ڈھک کر دم پر رکھ دیں۔

جب میتھی کا اپنا پانی خشک ہونے پر آجائے تو اس میں فرائی کیے ہوئے مچھلی کے قتلے ڈال کر ہلکا سا بھونیں ۔لیموں کارس اور قصوری میتھی ڈال کر چولہے سے اتارلیں۔