وراٹ کی ساتویں ڈبل سنچری، سچن اور سہواگ پیچھے ہوئے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-Oct-2019

پنے، (یو این آئی ) ہندستان کی رنز مشین اور کپتان وراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف یہاں چل رہے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن جمعہ کو اپنی ساتویں ڈبل سنچری (ناٹ آؤٹ 254) بنانے کے ساتھ ہی کرکٹ آئکن سچن تندولکر اور دھماکہ خیز اوپنر وریندر سہواگ کو ایک ہی جھٹکے میں پیچھے چھوڑ دیا اور اس اننگز کے دوران کئی ریکارڈ قائم کر دیئے۔وراٹ نے اپنی ریکارڈ ساز ڈبل سنچری سے نئے ریکارڈ قائم کر ڈالے اور سب سے زیادہ ڈبل سنچری بنانے میں سچن اور سہواگ (6-6 ڈبل سنچری) کے ہندستانی ریکارڈ کو توڑ ڈالا۔وراٹ نے اپنی اننگز کا 200 واں رن بناتے ہی ٹیسٹ کرکٹ میں 7000 رنز بھی پورے کر لئے۔ وراٹ کے ٹیسٹ کیریئر کا یہ سب سے بہترین اسکور ہے اور وہ سب سے پہلے ایک ٹیسٹ اننگز میں 250 سے آگے پہنچے ہیں۔ انہوں نے 336 گیندوں کی اپنی اننگز میں 33 چوکے اور دو چھکے لگائے۔وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 7000 رنز مکمل کرنے والے ہندستان کے ساتویں اور دنیا کے 47 ویں بلے باز بن گئے۔ وہ سب سے تیز 7000 رن پورے کرنے میں گیری سوبرس اور کمار سنگاکارا کے برابر مشترکہ چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔ والی هیمنڈ نے 131، سہواگ نے 134 اور سچن نے 136 اننگز میں 7000 ٹیسٹ رنز مکمل کیے تھے۔