کوہلی کی وراٹ چھلانگ، اسمتھ کی تاج سے محرومی قریب

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-Oct-2019

دبئی،(یو این آئی ) ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے پنے میں جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں اپنی ناقابل شکست 254 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کی بدولت آئی سی سی کی پیر کو جاری تازہ ٹیسٹ رینکنگ میں 37 پوائنٹس کی لمبی چھلانگ لگائی ہے اور وہ آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ سے تاج چھیننے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔رن مشین وراٹ اپنے دوسرے مقام پر برقرار ہیں لیکن ناٹ آؤٹ ڈبل سنچری کی بدولت وہ 899 پوائنٹس سے 37 درجہ بندی پوائنٹس کی چھلانگ لگا کر 936 پوائنٹس پر پہنچ گئے ہیں۔ وراٹ اور اسمتھ کے درمیان اب صرف ایک پوائنٹ کا فاصلہ رہ گیا ہے اور ہندستانی کپتان تیسرے ٹیسٹ میں اسمتھ سے نمبر ایک کا تاج چھین سکتے ہیں۔ وہ ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون بننے سے دو پوائنٹس پیچھے رہ گئے ہیں۔وراٹ نے پنے ٹیسٹ میں ناقابل شکست 254 رنز کی اننگز کھیلی جس سے وہ پھر سے 900 پوائنٹس سے اوپر پہنچ گئے ہیں۔ نمبر ون پر اب بھی آسٹریلوی کھلاڑی اسمتھ ہیں جن کے کھاتے میں 937 پوائنٹس ہیں۔ہندوستانی کپتان کی یہ بہترین درجہ بندی ہے اور وہ آل ٹائم بہترین درجہ بندی کے معاملے میں 11 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ آل ٹائم بہترین درجہ بندی کے معاملے میں لیجنڈ اوپنر سنیل گواسکر 916 پوائنٹس اور 24 ویں مقام کے ساتھ بہت پیچھے چھوٹ گئے ہیں۔وراٹ پہلے ٹیسٹ میچ میں فلاپ ہونے کے بعد جنوری 2018 کے بعد پہلی بار آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں 900 پوائنٹس سے نیچے آئے تھے، لیکن پنے میں ڈبل سنچری اننگز کھیل کر وراٹ دوبارہ 900 پوائنٹس کے پار پہنچ گئے۔ آئی سی سی کی آل ٹائم ریٹنگ میں آسٹریلیا کے سر ڈان بریڈمین 961 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست جگہ پر برقرار ہیں۔پنے میں اپنے کیریئر کی دوسری سنچری بنانے والے اوپنر مینک اگروال نے آٹھ مقام کی لمبی چھلانگ لگائی ہے اور وہ 657 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ اپنے سب سے بہترین 17 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری بنانے والے اوپنر روہت شرما کو پنے میں سستے میں آؤٹ ہونے کا نقصان ہوا ہے اور وہ پانچ مقام گر کر 17 ویں سے 22 ویں مقام پر کھسک گئے ہیں۔پنے میں 91 رن کی شاندار اننگز کھیلنے والے آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ نے بھی 12 مقام کی لمبی چھلانگ لگائی ہے اور وہ 551 کی اپنی بہترین درجہ بندی کے ساتھ 52 ویں سے 40 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ پنے میں نصف سنچری بنانے والے اجنکیا رہانے ایک جگہ کے فائدے کے ساتھ نویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔چتیشور پجارا کا چوتھا مقام بنا ہوا ہے لیکن وہ 818 درجہ بندی پوائنٹس سے 817 درجہ بندی پوائنٹس پر آ گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کین ولیم تیسرے مقام پر بنے ہوئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے كوئنٹن ڈی کوک تین مقام گر کر 10 ویں نمبر پر کھسک گئے ہیں۔پاکستان کے بابر اعظم کیریئر کی بہترین پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔