ہر ٹیسٹ میں ہم نے غلطیاں کیں:ڈ پلیسس

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 23-Oct-2019

رانچی، (یو این آئی ) جنوبی افریقہ کپتان فاف ڈو پلیسس نے ہندستان کے ہاتھوں منگل کو ٹیسٹ سیریز میں 0-3 کے کلین سویپ کے بعد تسلیم کیا کہ ان کی ٹیم نے ہر میچ میں زیادہ غلطیاں کیں جس سے انہیں یہ ناکامی ہاتھ لگی۔جنوبی افریقہ کو تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کے دو میچوں میں اننگز سے شکست کھانی پڑی ہے۔ رانچی میں اننگز اور 202 رنز کی شکست سے پہلے پنے میں اسے اننگز اور 137 رنز سے شرمناک شکست ملی تھی۔ میچ کے بعد پلیسس نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ بہت ہی مایوس کن نتیجہ ہے۔ رانچی میچ کے آغاز میں ہم نے مثبت شروعات کی تھی لیکن پھر ہم غلطیاں کرتے چلے گئے۔ لیکن ہمیں ہندستانی ٹیم کو بھی اس کارکردگی کا کریڈٹ دینا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہندوستانی کھلاڑی بہت ہی جارحانہ تھے اور ہر شعبہ میں ہم سے بہتر رہے۔ اسپن گیند بازی، تیز گیند بازی اور بلے بازی کے علاوہ فیلڈنگ میں بھی حریف ٹیم شاندار رہی۔ ہندستان سے جیت پانا آسان نہیں ہے۔ سال 2015 کے بعد ہم نے اسپن ٹریک پر کھیلنے کی کافی تیاری کی تھی۔ لیکن حریف مضبوط رہے۔ یہ تیز گیندبازوں کے لیے کافی اچھا ٹریک تھا۔پلیسس نے کہاکہ ہمارے لیے ان پچوں پر سیکھنے کے لیے بہت کچھ تھا۔ لیکن گیند بازوں کی صلاحیت بھی اہم ہوتی ہے۔ ہندستانی گیند بازوں نے درست سمت میں گیند بازی کی۔