ہندوستان نےرانچی ٹیسٹ جیت کرتاریخ کی رقم ، جنوبی افریقہ کو پہلی بار کیا کلین سویپ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 22-Oct-2019

رانچی:رانچی ٹیسٹ میں ٹیم انڈیا نے بڑی جیت حاصل کر لی ہے۔ کھیل کے چوتھے دن ٹیم انڈیا کو جیت کے لئے محض دو وکٹ کی ضرورت تھی اور ہندوستانی گیندبازوں نے جنوبی افریقہ کی اننگز کو سمیٹنے میں زیادہ وقت نہیں لیا۔ ٹیم انڈیا نے محض 12 گیندوں میں جنوبی افریقہ اننگز کے بچے ہوئے دو وکٹ لے لئے۔اسپنر شہباز ندیم نے دن کے اپنے پہلے اوور کی پانچویں گیند پر ڈی بروئن کو ساہا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا اور اس کے بعد انہوں نے لنگی انگڈی کو اپنی ہی گیند پر کیچ پکڑ کر جنوبی افریقہ کو سمیٹ دیا۔ جنوبی افریقہ کو ایک اننگ اور 202 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔وراٹ کوہلی کی ٹیم نے اس جیت کے ساتھ ہی تاریخ رقم کر دی ہے۔ وراٹ کوہلی ایسے پہلے کپتان بن گئے ہیں جن کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کیا ہے۔ ٹیم انڈیا نے وشاکھاپٹنم، پںے ٹیسٹ میں جیت حاصل کرنے کے بعد جنوبی افریقہ کو رانچی میں بھی چاروں خانے چت کر دیا۔ بتا دیں کہ ٹیم انڈیا نے اپنی سرزمین پر 32 میں سے 26 واں ٹیسٹ جیتا ہے۔ ٹیم انڈیا سال 2012 سے گھریلو سطح پر ٹیسٹ سیریز نہیں ہاری ہے۔