ریاست

دن دہاڑے مچھلی کاروباری کا قتل، 5گرفتار

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 06-Nov-2019

بتیا،(انیس الوریٰ)، بتیا میں منگل کے روز دن دہاڑے ٹاؤن تھانہ حلقہ کے انتہائی مصروف کوتوالی چوک واقع شانتی کنیاں مڈل اسکول کے پاس جرائم پیشوں نے ہاٹ سریا باشندہ مچھلی کاروباری منیجر ساہ کے 30 سالہ بیٹا منا ساہ کا سرعام گولی مار کر قتل کردیا۔ قتل کی اطلاع پاکر دیہی عوام مشتعل ہوگئے اور قریب 2گھنٹے تک جم کر ہنگامہ آرائی کی۔ اس دوران مشتعل دیہی عوام نے بیریا تھانہ حلقہ کے کھریا گھاٹ واقع بیریاتھانہ کی گاڑی کو آگ کے حوالہ کردیا۔ اور ایک قتل کے ملزم ڈی پی ایس اسکول کے چلانے والی سنتوش کمار سنگھ کے گھر پر توڑ پھوڑ کیا اور ایک بڑے جنریٹر کوآگ کے حوالہ کردیا۔ اس کے بعد مشتعل گاؤں کے لوگوں نے کوتوالی چوک واقع ایک دوسرے ملزم وکی کمار سنگھ کے ’ماں تارا جانچ گھر‘ میں جم کرتوڑ پھوڑ کیا اور اس کی ایک کارڈ اور ایک موٹر سائیکل کو آگ کے حوالہ کردیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے کھریا گھاٹ سے لے کر گورنمنٹ  میڈیکل کالج کا علاقہ میدان جنگ میں  تبدیل ہوگیا۔ اطلاع پاکر پولس سپرنٹنڈنٹ جینت کانت اور ایس ڈی پی او پنکچ کمار راوت نے کثیر تعداد میں پولس فورس کے ساتھ پہنچ کر فسادیوں کو کھدیرا اور حالات کو قابو میں کیا۔ اس موقع پر آدھا درجن سے زیادہ تھانوں کی پولس پہنچ گئی اور کوتوالی چوک سے لے کرہاٹ سریا تک پولس چھاونی میں تبدیل ہوگیا۔ پولس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کراکر اپنے تحفظ میں اس کے لواحقین کو سونپ دیا۔ اور پولس نگرانی میں اس کے آخری رسوم ادا کردی گئی۔ پولس نے قریب 5 شرپسندوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق متوفی زمین کا کاروبار بھی کرتاتھا۔ معاملہ چاہے کچھ بھی ہو لیکن دن دہاڑے ہوئے اس قتل سے شہر کے لوگوں میں دہشت کاماحول ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پولس اس قتل کاخلاصہ کب تک کرپاتی ہے اور قصور واروں پر سخت کارروائی کرپاتی ہے۔

About the author

Taasir Newspaper