اروند ساونت نے مودی کابینہ سے دیا استعفی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-Nov-2019

ممبئی:مہاراشٹر میں ہر لمحہ سیاسی صورت حال بدل رہی ہے اور اس کا اثر دہلی میں بھی دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ شیوسینا کے کوٹے سے مودی کابینہ میں وزیر اروند ساونت نے پیر کو وزیر کے عہدہ سے استعفی دیدیا ۔ استعفی کے بعد انہوں نے پریس کانفرنس بھی کی اور کہا کہ بی جے پی نے الیکشن سے پہلے جو وعدے کئے تھے ، وہ اس سے منحرف ہوگئی ہے ۔ ان حالات میں مرکزی حکومت میں وزیر برقرار رہنا میرا لئے غیر اخلاقی ہوگا ، اس لئے میں نے استعفی دیدیا ہے ۔ادھر شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے این سی پی سربراہ شرد پوار سے ملاقات کی اور حکومت سازی پر تبادلہ خیال ہے ۔ تاہم این سی پی کو کانگریس کا انتظار ہے کہ وہ کیا فیصلہ کرتی ہے ۔ وہیں ذرائع سے ایسی خبریں موصول ہورہی ہے کہ کانگریس کے کچھ نومنتخب ممبران اسمبلی شیو سینا کے ساتھ اتحاد کیلئے تیار ہیں اور انہوں نے اس سلسلہ میں سونیا گاندھی کو خط بھی بھیج دیا ہے ۔دریں اثنا شیو سینا نے اب ریاست کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے پانچ بجے ملنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سے پہلے شیو سینا 2.30 بجے گورنر سے ملاقات کرنے والی تھی ۔ کانگریس کور کمیٹی کی دوسری میٹنگ چار بجے شام میں ہونے والی ہے اور اسی وجہ سے شیو سینا نے 2.30 بجے کی بجائے پانچ بجے گورنر سے ملنے کا فیصلہ کیا ہے ۔خیال رہے کہ مہاراشٹر اسمبلی الیکشن کے بعد کسی بھی پارٹی کو واضح اکثریت نہیں ملی تھی۔ حالانکہ بی جے پی سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ابھری تھی۔ اسے دیکھتے ہوئے گورنر نے بی جے پی کو حکومت سازی کی دعوت دی تھی۔ بی جے پی نے اپنے بل پر حکومت بنانے میں اپنی کمزوری جتا دی تھی۔ اس کے بعد راج بھون کی طرف سے دوسری سب سے بڑی پارٹی شیوسینا کو حکومت بنانے کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔ ہر پل بدلتے سیاسی حالات کے بیچ شرد پوار کی پارٹی این سی پی نے شیوسینا کو حمایت دینے کے عوض میں این ڈی اے اور مودی حکومت سے الگ ہونے کی شرط رکھ دی تھی۔