امیتابھ بچن لمبے بریک پر جارہے ہیں

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-Nov-2019

ممبئی،(یواین آئی)مشہور اداکار امیتابھ بچن شوٹنگ سے لمبی رخصت لینے کی تیاری میں ہیں۔امیتابھ بچن کو اپنی گرتی صحت کی وجہ سے بار بار اسپتال میں داخل ہونا پڑ رہا ہے۔اب بتایا جارہا ہے کہ انہی سب وجوہات سے وہ لمبی رخصت پر جارہے ہیں۔امیتابھ بچن نے کچھ دن پہلے ہی ٹویٹر پر ایک تصویر پوسٹ کی تھی جس میں وہ اسپتال کے بستر پر نظر آرہے تھے۔بتایا جارہا ہے کہ اپنی صحت کے پیش نظر امیتابھ بچن فلموں سے بریک لینے والے ہیں۔ امیتابھ بچن نے سوشل میڈیا کے ذریعہ ہی بتایا کہ انہیں فلم ’ڈان‘ اور دیگر فلموں کی شوٹنگ کے دوران لگی چوٹیں اب زیادہ پریشان کرنے لگی ہیں ۔اس سے انہیں چلنے پھرنے میں دقت ہونے لگی ہے۔کہا جارہا ہے کہ امیتابھ بچن جلد ہی ایک لمبی رخصت لینے والے ہیں کیونکہ وہ جسمانی طورپر کافی زیادہ تھکن محسوس کررہے ہیں اور ان کی جسمانی صحت کےلئے آرام بے حد ضروری ہے۔امیتابھ فلم ’جھنڈ‘کی شوٹنگ پوری کریں گے جو دسمبر میں ریلیز ہوگی،اس کے بعد وہ بریک پر چلے جائیں گے۔اس دوران انہوں نے جو پہلےسے وعدے کئے ہوئے ہیں ان پر بھی وہ کام نہیں کریں گے۔بتایا جارہا ہے کہ امیتابھ کی بیوی جیا بچن اور ابھیشیک بچن اور ان کی بیٹی شویتا بچن نے انہیں ڈاکٹر کی صلاح کو سنجیدگی سے لینے کےلئے کہا ہے ۔