بنگلہ دیش: دو ٹرینوں کے تصادم میں 16 افراد ہلاک، 40 زخمی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 13-Nov-2019

ڈھاکا،بنگلہ دیش میں دو ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں 16 مسافر ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے ہیں۔بنگلہ دیشی حکام کے مطابق حادثے کی شکار مسافر ٹرینیں دارالحکومت ڈھاکہ سے 100 کلو میٹر دوری پر براہمن باریا کے مقام پر منگل کی علی الصباح تین بجے آپس میں ٹکرائیں۔متاثرہ ٹرینیں چٹاگانگ اور ڈھاکہ جارہی تھیں جب کہ حادثے کے باعث چٹاگانگ جانے والی ٹرین کی تین بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ دونوں ٹرینیں ایک ہی ٹریک پر کیسے آئیں۔ تاہم حکومت نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم جاری کر دیا ہے۔ڈسٹرکٹ افسر حیات الدولہ خان کے مطابق ریسکیو آپریشن کے دوران تین بوگیوں سے 16 مسافروں کی لاشیں نکالی گئی ہیں اور حادثے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔اْن کے بقول، ریسکیو آپریشن میں فوج، پولیس، بارڈر گارڈ اور فائر بریگیڈ کا عملہ حصہ لے رہا ہے جب کہ زخمی ہونے والے 40 مسافروں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔خبروں کے مطابق پولیس افسر شیامل کانتی داس نے بتایا کہ ایک مسافر ٹرین نے سگنل کی خلاف ورزی کی جو حادثے کی وجہ بنا۔بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے ٹرین حادثے پر میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو متاثرین کی فوری مدد کی ہدایت کی ہے۔متاثرہ ٹرین میں سوار 50 سالہ مسافر محمد مسلم کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت مسافر سوئے ہوئے تھے اور اچانک ایک بڑا جھٹکا لگا جس کے بعد مسافروں کی چیخنے کی آوازیں سنیں۔اْن کے بقول، “جب میں ٹرین سے باہر نکلا تو مسافروں کی گردنیں، ہاتھ اور ٹانگیں کٹی لاشیں دیکھیں، ہم موت کے بہت قریب تھے لیکن اللہ تعالی نے ہمیں محفوظ رکھا۔”