خواب میں بھی ہیٹ ٹرک کے بارے میں نہیں سوچا: دیپک

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-Nov-2019

ناگپور،(یو این آئی ) فاسٹ بولر دیپک چاہر نے بنگلہ دیش کے خلاف فیصلہ کن ٹوئنٹی 20 میچ میں اپنے مین آف دی میچ منتخب ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں آخر کار برسوں کی محنت کا پھل حاصل ہو گیا ہے۔دیپک نے وي سي اے اسٹیڈیم میں اپنے کیریئر کا بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے 3.2 اوور میں محض سات رن پر چھ وکٹ کی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور مین آف دی میچ بھی رہے۔ اسی کے ساتھ ہندستان نے تین میچوں کی ٹوئنٹی 20 سریز کو 2-1 سے جیت لیا۔راجستھان کے 27 سالہ فاسٹ بولر نے اسی کے ساتھ سری لنکا کے اجنتا مینڈس کے سال 2012 میں زمبابوے کے خلاف آٹھ رن پر چھ وکٹ گزشتہ ٹوئنٹی 20 کے بہترین کارکردگی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ چاہر نے اسی کے ساتھ سیریز میں کل 56 رن پر آٹھ وکٹ کی بدولت مین آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی جیتا۔میچ کے بعد انہوں نے کہاکہ میں نے کبھی خواب میں بھی اس کے بارے میں نہیں سوچا تھا۔ میں بچپن سے ہی اس کے لیے محنت کر رہا ہوں اور آج مجھے اس کا پھل مل گیا۔ چاہر نے میچ میں لٹن داس اور سومیہ سرکار کو آؤٹ کرنے کے بعد محمد جیمنی کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد انہوں نے آخری تین بلے بازوں کو ہیٹ ٹرک کا شکار بنایا اور ٹوئنٹی 20 میں ہیٹ ٹرک کرنے والے ہندستان کے پہلے کرکٹر بن گئے جبکہ ٹی -20 میں مجموعی طور پر وہ یہ کامیابی حاصل کرنے والے 12 ویں کھلاڑی ہیں۔چاہر نے کہاکہ روہت کا منصوبہ مجھے اہم اوور دینے کا تھا اور مینجمنٹ بھی ایسا ہی چاہتا تھا۔ میں ہمیشہ اگلی گیند کے بارے میں سوچتا ہوں اور میں نے وہی کیا اور میں نے ہیٹ ٹرک کے لئے بھی یہی کیا اور اپنا اوور مکمل کیا۔