دوسرے میچ میں ہم واپسی کریں گے: چہل

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 06-Nov-2019

راجکوٹ،(یو این آئی ) ہندوستانی لیگ اسپنر یجویندر چہل نے منگل کو کہا کہ ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف پہلے میچ کی شکست سے مایوس نہیں ہے اور وہ مضبوطی کے ساتھ دوسرے میچ میں واپسی کرے گی۔چہل نے یہاں پریس کانفرنس میں کہاکہ پہلا میچ ہارنے کے باوجود ٹیم کے جوش میں کوئی کمی نہیں ہے اور ہم دوسرے میچ میں شاندار واپسی کریں گے۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ہم کسی سیریز کا پہلا میچ ہارے ہیں۔ ہم نے کئی سیریز میں پہلا میچ ہارنے کے باوجود واپسی کرتے ہوئے سریز کو جیتا ہے۔لیگ اسپنر نے کہاکہ ٹیم پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔ یہ تین میچ کی سیریز ہے۔ یہ کوئی ناک آؤٹ ٹورنامنٹ نہیں ہے۔ یہ دوطرفہ سریز ہے اور ہم واپسی کرنے کا دم رکھتے ہیں۔ بنگلہ دیش نے یقینی طور پر پہلا میچ اچھا کھیلا تھا اور ہم سے بہتر ثابت ہوئے تھے۔ لیکن دوسرے میچ میں ٹیم اچھی کارکردگی کرے گی اور برابری حاصل کرے گی۔انہوں نے مہمان ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ بنگلہ دیش نے دہلی میں پہلے مقابلے میں اچھا مظاہرہ کیا۔ پہلے کھیلتے ہوئے وکٹ بیٹنگ کیلئے آسان نہیں تھا اور بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں اپنے وکٹ بچا کر رکھے تھے جس کا اس فائدہ ملا تھا۔چہل نے ساتھ ہی کہا کہ ٹیم گزشتہ میچ کی مایوسی کو پیچھے چھوڑ چکی ہے اور وہ نئے حوصلے کے ساتھ راجکوٹ میں فتح حاصل کرنے کے ارادے سے اترے گی۔ چہل نے دہلی میں اپنے پہلے تین اوور میں صرف 11 رنز دیے تھے لیکن ان کے چوتھے اوور میں 13 رن گئے تھے جس نے میچ کا رخ بنگلہ دیش کی جانب کر دیا تھا۔ بنگلہ دیش نے اس کے بعد 19 ویں اوور میں 18 رن بناکر جیت کی طرف قدم بڑھا دیا تھا۔چہل نے کہا کہ ٹیم کی بولنگ اچھی رہی تھی لیکن دہلی میں جو غلطیاں ہوئی تھیں انہیں راجکوٹ میں نہیں دہرایا جائے گا۔ بنگلہ دیش کو آخری دو اوور میں 22 رن چاہیے تھے جس نے 19 ویں اوور میں 18 رن اور آخری اوور کی پہلی تین گیندوں پر میچ ختم ہو گیا۔