سیاست میں کوئی کسی کا مستقل دوست یا دشمن نہیں: دیوگوڑا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-Nov-2019

كلبرگي،(یواین آئی) سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا نے مہاراشٹر میں بدلتے ہوئے سیاسی واقعات پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پیر کو کہا کہ سیاست میں کوئی کسی کا مستقل دوست یا دشمن نہیں ہوتا اور وقت کے مطابق حالات بدلتے رہتے ہیں۔مسٹر دیوگوڑا نے یہاں صحافیوں سے کہا’’ایک وقت تھا جب بالا صاحب ٹھاکرے نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو مہاراشٹر میں نشستیں دی تھیں۔ لال کرشن اڈوانی اور اٹل بہاری واجپئی نے بالا صاحب کے گھر جا کر سیٹوں کیلئے درخواست کی تھی۔ بی جے پی آج اسے فراموش کر گئی اور خود غرضی کی سیاست کی راہ پر چل رہی ہے، تو ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی کو سبق سکھانے کی ٹھانی۔اب وقت آ گیا ہے کہ کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) بی جے پی کو سبق سکھائیں‘‘۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ سیاست میں وقت کے مطابق حالات بدلتے رہتے ہیں۔