شیوسینا کو وزیر اعلیٰ کا عہدہ دے کر حکومت بنانے کو تیار این سی پی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 05-Nov-2019

ممبئی:مہاراشٹر اسمبلی الیکشن کے نتائج آنے کے بعد پچھلے 11 دنوں سے حکومت سازی کو لے کر جاری کھینچ تان کے درمیان منگل کو این سی پی نے بڑا بیان دیا ہے۔ ابھی تک اپوزیشن میں بیٹھنے کی بات کرنے والی این سی پی نے حکومت بنانے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے شیوسینا کے سامنے حکومت سازی کے لئے کچھ شرطیں رکھی ہیں۔این سی پی کے ایک سینئر لیڈر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ اگر شیوسینا ہمارے ساتھ اتحاد میں حکومت بناتی ہے تو پانچ سال کے لئے وزیر اعلیٰ ان کا ہو گا۔ ہمیں وزیر اعلیٰ کا عہدہ نہیں چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورت حال میں دو نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے ہوں گے ان میں بھی ایک شیوسینا کا ہی ہو گا، لیکن یہ باتیں تبھی ممکن ہوں گی جب شیوسینا بی جے پی کے ساتھ اپنا اتحاد توڑ لے۔این سی پی لیڈر کے مطابق، مرکز کی مودی حکومت میں شامل شیوسینا کے واحد وزیر اگر استعفیٰ دے دیں تو این سی پی اتحاد کے بارے میں سوچ سکتی ہے۔ ایسے میں مہاراشٹر میں حکومت سازی کے دوران انہیں کانگریس کی باہر سے حمایت ملے گی۔