متنازع اراضی رام للا وراجمان کو دی گئی ، سنی وقف بورڈ کو ملی پانچ ایکڑ زمین

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 09-Nov-2019

ایودھیا : بابری مسجد اراضی تنازع میں سپریم کورٹ آج اپنا تاریخی فیصلہ سنادیا ہے ۔ سپریم کورٹ نے متنازع زمین کو رام للا وراجمان کو دیا ہے جبکہ سنی وقف بورڈ کو ایودھیا میں پانچ ایکڑ زمین دینے کی ہدایت دی ہے ۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی ، جج ایس اے بوبڈے ، جج ڈی وائی چندر چوڑ ، جج اشوک بھوشن اور جج ایس عبدالنذیر کی آئینی بنچ نے یہ فیصلہ سنایا۔ ساتھ ہی ساتھ سپریم کورٹ نے شیعہ وقف بورڈ اور نرموہی اکھاڑہ کی عرضی کو خارج کردیا ۔ وزیر اعظم مودی اور مختلف مذہبی رہنماوں نے لوگوں سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے ۔ وہیں فیصلہ کے پیش نظر ملک بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ دہلی میں فیصلہ سنانے والی آئینی بینچ کے پانچوں ججوں کی رہائش گاہ پر جمعہ سے ہی سیکورٹی میں اضافہ کردیا ۔ سیکورٹی اہلکاروں کے مطابق فرضی یا اشتعال انگیز مواد سے ماحول خراب کرنے کی کوششوں کو روکنے کیلئے سوشل میڈیا پر کی جانے والی پوسٹ پر بھی قریبی نظر رکھی جائے گی ۔