نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو اننگز سے دی شرمناک شکست

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 26-Nov-2019

ماؤنٹ مانگني(یو این آئی ) وکٹ کیپر بي جے واٹلنگ (205 رن) کی پہلی ڈبل سنچری کے بعد گیند باز نیل ویگنر(44 رن پر 5 وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو پہلے کرکٹ ٹسٹ کے پانچویں اور آخری دن پیر کو اننگز اور 65 رنز سے شکست دے دی۔انگلینڈ نے میچ کے آخری دن اپنی دوسری اننگز کا آغاز تین وکٹ پر 55 رنز سے آگے بڑھاتے ہوئے کیا تھا لیکن کیوی بولروں نے اپنے گھریلو میدان پر حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 96.2 اوور میں پوری ٹیم کو 197 کے اسکور پر سمیٹ دیا اور میچ اننگز سے اپنے نام کر لیا۔ نیوزی لینڈ نے اسی کے ساتھ دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔انگلینڈ کے لیے کل کے ناٹ آؤٹ بلے باز جو ڈینلي نے اپنی اننگز کا آغاز کل کے 7 رن سے آگے کیا تھا اور 142 گیندوں کی سست اننگز میں تین چوکے لگا کر صرف 35 رنز بنا کر ویگنرکا شکار بنے۔ میچ ڈرا کرانے کا مقصد لے کر کھیل رہے ڈینلي 75 ویں اوور کی تیسری گیند پر انگلینڈ کے چھٹے بلے باز کے طور پر آؤٹ ہوئے اور ان کا اسکور اننگز میں سب سے بڑا رہا۔ انگلینڈ نے اپنے باقی سات وکٹ 128 کے اسکور پر گنوا دیئے۔مہمان ٹیم کے لیے بین اسٹوکس نے 84 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 28 رن، جوفرا آرچر نے 30 رن بنائے جبکہ سیم کیرن نے ناٹ آؤٹ 29 رن بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ویگنرنے 44 رن پر پانچ وکٹ لئے جبکہ مشیل سیٹنر 53 رن پر تین وکٹ لے کر دوسرے کامیاب بولر رہے۔ ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ کو ایک ایک وکٹ ملا۔نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز کو 201 اوور میں نو وکٹ پر 615 رن بنا کر اعلان کر دیا تھا۔ پہلی اننگز میں بي جے واٹلنگ نے 473 گیندوں میں 24 چوکے اور ایک چھکا لگا کر 205 رن بنائے جبکہ آٹھ نمبر کے مشیل سیٹنر نے 269 گیندوں میں 11 چوکے اور پانچ چھکے لگا کر 126 رنز کی اننگز کھیلی۔