وزیر اعلیٰ یوگی سے مسلم مذہبی رہنماؤں نے کی ملاقات

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-Nov-2019

لکھنئو: ایودھیا معاملہ پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد پیر کی شام کو شیعہ اور سنی مسلم مذہبی رہنماؤں نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کی۔ تقریبا ایک گھنٹے تک جاری اس ملاقات کے دوران مسلم مذہبی رہنماؤں نے وزیر اعلیٰ سے ایودھیا میں مسجد کے لئے ایسی زمین مانگی ہے جہاں اسلامی یونیورسیٹی بھی قائم کی جا سکے۔ مذہبی رہنماؤں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو ریاست میں پر امن طریقے سے نافذ کرانے کے لئے وزیر اعلیٰ کو مبارک باد بھی دی۔اقلیتی فلاح وبہبود کے وزیر محسن رضا کی قیادت میں شیعہ اور سنی کے سینئر مذہبی رہنماؤں کے ایک وفد نے وزیر اعلیٰ یوگی سے ملاقات کی۔ اس میں مولانا حمید الحسن، مولانا سلمان حسینی ندوی، مولانا فرید الحسن اور مولانا یوسف حسینی کے ساتھ 15 مذہبی رہنماؤں نے ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تک وزیر اعلیٰ سے بات چیت کی۔ مسلم مذہبی رہنماؤں نے ایودھیا معاملہ میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور وزیر اعلیٰ کو اتنے اہم ترین فیصلے کو پر امن طریقے سے ریاست میں نافذ کرانے پر مبارکباد دی۔وزیر اعلیٰ نے سبھی مذہبی رہنماؤں کو امن کی اپیل کرنے اور باہمی ہم آہنگی کی فضا بنانے میں مدد کرنے کی سمت میں کام کرنے کے لئے مبارکباد دی۔ انہوں نے سبھی مذہبی رہنماؤں کو ریاست کی اقلیتوں کے مفادات کو لے کر چلائی جا رہی اسکیموں کے بارے میں بھی جانکاری دی۔ ان اسکیموں کو زیادہ سے زیادہ اقلیتی برادری کی فلاح وبہبود کے لئے استعمال کرنے کے لئے بیداری پیدا کرنے کی بھی اپیل کی۔ وزیر اعلیٰ نے اقلیتوں کی ترقی کے لئے ریاستی حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد ملنے کا بھی بھروسہ دلایا۔