ٹیم انڈیا نے 8 وکٹوں سے جیتا راجکوٹ ٹی 20 میچ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 08-Nov-2019

دہلی:کپتان روہت شرما نے اپنے ریکارڈ 100 ویں ٹی ۔ 20 میچ کا جشن جمعرات کو دوسرے ٹی ۔ 20 مقابلے میں 85 رنوں کی جارحانہ اننگز سے ہندستان کو بنگلہ دیش کے خلاف آٹھ وکٹ کی جیت اور تین میچوں کی سیریز میں 1-1کی برابری دلاکر منایا۔ روہت نے محض 43 گیندوں پر 85 رن کی آتشیں اننگز میں چھ چوکے اور چھ چھکے لگائے ، جس کی بدولت ہندستان نے میچ 16ویں اوور میں ہی ختم کردیا۔ہندستان کے کارگزار کپتان روہت شرما نے اپنے 100 ویں ٹی ۔ 20 مقابلے میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ بنگلہ دیش پہلے دس اوور میں 78 رن بناکر بڑے اسکور کی طرف بڑھ رہا تھا ، لیکن ہندستان نے اگلے دس اوور میں شاندار واپسی کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو چھ وکٹ پر 153 رن پر روک دیا ۔ ہندستان نے 15.4 اوورس میں دو وکٹ پر 154 رن بناکر جیت حاصل کی۔ روہت اپنی فاتحانہ اننگز کے لئے پلیئر آف دی میچ بنے اور انہوں نے شاندار انداز میں اپنی کامیابی کا جشن منایا۔ٹی ۔ 20 فارمیٹ میں دنیا میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز روہت شرما جب اپنے رنگ میں ہوں تو دنیا کی کسی گیند باز کے لئے انہیں روکنا مشکل کام ہوجاتا ہے اور آج یہی بنگلہ دیش کے ساتھ ہوا۔ روہت نے بنگلہ دیش کی گیندبازی کی دھجیاں اڑا دیں۔ روہت نے اپنے 50 رن محض 23 گیندوں چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے پورے کئے۔روہت شرما نے شیکھر دھون کے ساتھ اوپننگ وکٹ کی شراکت میں 10.5 اوورس میں ہی 118 رن بنا ڈالے۔ اس میں شیکھر کے 31 رن تھے ، جن میں انہوں نے 27 گیندوں میں چارچوکے لگائے۔ روہت جب 13 ویں اوورس کی دوسری گیند پر آوٹ ہوئے تک ہندوستان کا اسکور 125 رن پرپہنچ چکا تھا اورمنزل زیادہ دور نہیں تھی ۔ روہت ٹی ۔ 20 میں اپنی پانچویں سنچری سے 15 رن دور رہ گئے۔ لوکیش راہل نے 11 گیندوں میں آٹھ اور شریس ایئر نے 13 گیندوں پرتین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آوٹ 24 رن بنا کر ہندستان کو آسان جیت کی منزل پر پہنچا دیا ۔ بنگلہ دیش کی طر ف سے امین الاسلام نے 29 رن پر دو وکٹ لئے۔اس سے پہلے بنگلہ دیش نے اچھی شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لئے 7.2 اوورس میں 60رن بنائے۔ لٹن داس نے 29 اور محمد نعیم نے 36 رن بناکر ہندستانی تیز اور اسپن گیندبازوں کو حاوی ہونے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ ہندستان کو پہلی کامیابی رن آوٹ کے طورپر ملی ، جب وکٹ کیپر ریشبھ پنت نے داس کو رن آوٹ کردیا۔ داس نے 21 گیندوں پر 29 رن میں چار چوکے لگائے۔ ہندوستان کو دوسری کامیابی 11 ویں اوورس میں ملی جب آف اسپنر واشنگٹن سندر نے نعیم کو پویلین بھیجا۔ نعیم نے 31 گیندوں پر 36 رن میں پانچ چوکے لگائے۔لیگ اسپنر یوجویندر چہل نے گزشتہ میچ کی فاتحانہ اننگز میں ناٹ آوٹ نصف سنچری بنانے والے مشفق الرحیم کو اس بار محض چار رن پر آوٹ کردیا اور پھر سومیا سرکار کو پنت نے اسٹمپ کرا کر مہمان ٹیم کا اسکور چار وکٹ پر 103 رن کردیا، جس سے بنگلہ دیش کی رفتار پر لگا م لگ گئی ۔ سرکار نے محض 20 گیندوں پر 30 رن میں دو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ کپتان محمود اللہ نے 21 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 30 رن بناکر اپنی ٹیم کو 153 رن کے لڑنے لائق اسکور تک پہنچایا۔ ہندستان کی طرف سے چہل نے چار اوورس میں 28 رن دیکر دو وکٹ لئے ، جبکہ دیپک چاہر ، خلیل احمد اور سندر نے ایک ایک وکٹ لیا۔