اڈیشہ کی فیکٹری میں گیس لیک ، 100سے زیادہ مزدوربیمار

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-Nov-2019

بالاسور،(یواین آئی)اڈیشہ کے بالاسور کے کھنٹا پارا علاقے میں ایک فیکٹری میں کلورین گیس لیک ہونے کی وجہ سے 100سے زیادہ مزدوروں کو سانس لینے میں تکلیف ہونے کے بعد اسپتال میں داخل کرایاگیاہے۔جھینگا مچھلی پروسیسنگ فیکٹری میں کل رات گیس لیک ہونےسے متاثر سبھی مزدوروں کو نزدیک کے اسپتال میں داخل کرایاگیا اور بعد میں انہیں ضلع اسپتال میں منتقل کیاگیا۔ضلع انتظامیہ نے دعوی کیا ہے کہ اسپتال میں داخل سبھی مزدوروں کی حالت مستحکم ہے۔انتظامیہ نے واقعہ کی تحقیق کرنے کا حکم دیا ہے۔اس واقعہ کے بعد فیکٹری کو سیل کردیا گیا ہے اور اس کے کم از کم تین افسروں کو پولیس نے حراست میں لیا ہے۔بالاسور ڈپٹی کلکٹر نیلو موہاپارا نے بتایا کہ ابھی واقعہ کی وجہ کا پتہ لگایا جانا باقی ہے۔ابتدائی رپورٹ سے اشارہ ملتا ہے کہ صلاحیت سے زیادہ گیس بھرے جانے کی وجہ سے یہ لیک ہوگئی ۔ذرائع کے مطابق گیس لیک ہونے کے بعد کچھ مزدوروں نے سانس لینے میں پریشانی ہونے کی شکایت کی اور اس کے فوراً بعد دیگر مزدوروں کو بھی شکایت ہونے لگی۔اس کے بعد انہیں کھنٹاپارا کے مقامی اسپتال میں داخل کرایاگیا جہاں بیڈ اور ڈاکٹروں کی تعداد اس صورت حال کو سنبھالنے کےلئے ناکافی تھی۔