شرما اور فاروق خان جموں و کشمیر کے لیفٹننٹ گورنر کے مشیر مقرر

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-Nov-2019

نئی دہلی، (یو این آئی) مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے مشیر مسٹر کے کے شرما اور فاروق خان پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے انہیں مرکزی خطہ کے لیفٹننٹ گورنر جی سی مرمو کا مشیر مقرر کیا ہے۔بدھ کے روز جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں وزارت داخلہ نے ان کی تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان دونوں کی میعاد عہدہ سنبھالنے کے دن سے نافذ ہوگا۔ مسٹر شرما اروناچل پردیش ، گوا میزورم کیڈر کے 1983 بیچ کے ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر ہیں اور دہلی کے چیف سکریٹری سمیت متعدد اہم عہدوں پر رہ چکے ہیں۔ وہ گوا کے چیف سکریٹری اور چندی گڑھ کے ایڈمنسٹریٹر بھی رہ چکے ہیں۔ مسٹر خان جموں و کشمیر کیڈر کے ایک ریٹائرڈ آئی پی ایس آفیسر ہیں اور اسی سال جموں و کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک کے مشیر مقرر ہوئے تھے۔ وہ ادھم پور میں شیر کشمیر اکیڈمی کے سربراہ تھے۔وہ انسداد دہشت گردی ٹاسک فورس جسے خصوصی مہم ٹیم کے نام سے جانا جاتاتھا کے پہلے سربراہ تھے۔