حکومت پیاز کی جمع خوری کے خلاف کارروائی کی ہدایت جاری کرے: ترنمول

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 06-Dec-2019

نئی دہلی(یواین آئی) ترنمول کانگریس نے ملک میں کھانے پینے کی اشیاء – بالخصوص پیاز – کی قیمتوں میں اضافہ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے جمع خوروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ترنمول کانگریس کے سدیپ بندوپادھیائے نے لوک سبھا میں جمعرات کے روز وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملک میں جس طرح پیاز کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں وہ باعث تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت كو اس معاملے پر غور کرنا چاہئے اور ای ڈی کے ذریعے پیاز کی جمع خوری کرنے والوں پر کارروائی کے لئے ریاستی حکومتوں کو ہدایات دی جانی چاہیے۔مسٹر بندوپادھیائے نے کہا کہ پیاز کی قیمتیں ساری حدوں کو پار کر چکی ہیں۔ نومبر میں اس کی قیمت گزشتہ نومبر کے مقابلے میں 64 فیصد اور اس سال اکتوبر کے مقابلے میں 61 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے خود بازاروں کا دورہ کیا ہے اور مرکزی حکومت کو بھی پہل کرنی ہوگی اور قیمتوں کا تعین کرنے والے محکمہ کو بھی فعال کیا جانا چاہئے۔