دھونی اور پنت میں بہت فرق: لارا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 10-Dec-2019

نئی دہلی،(یو این آئی ) ویسٹ انڈیز کے عظیم کرکٹر برائن لارا نے کہا ہے کہ نوجوان وکٹ کیپر رشبھ پنت کا اسٹائل تجربہ کار مہندر سنگھ دھونی سے مختلف ہے اور دونوں کے درمیان کافی فرق ہے، اس لئے پنت کا ان سے موازنہ کر کے ان پر زیادہ دباؤ بنانا غلط ہے ۔سابق کرکٹر لارا نے ایک پروگرام کے دوران دھونی اور پنت کے درمیان موازنہ کو لے کر کہا کہ دونوں بالکل مختلف طرح کے کھلاڑی ہیں۔ تھرو اننت پورم میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی -20 میچ کے دوران پنت نے ناٹ آؤٹ 33 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ لیکن پہلے میچ میں وہ 18 رنز بنا سکے تھے۔ پنت کے کھیل میں تسلسل کے فقدان کی وجہ سے بھی انہیں کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔سرکردہ بلے باز لارا نے پنت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ دھونی سے بالکل مختلف کھلاڑی ہیں اور وقت کے ساتھ ان کے کھیل میں تبدیلی آئے گی۔ لارا نے کہاکہ پنت میں کافی جارحیت ہے اور ہندستانی پرستار چاہتے ہیں کہ دھونی کی جگہ لینے والا کوئی کھلاڑی ہندستانی ٹیم میں شامل ہو۔ لیکن پنت، دھونی سے بالکل مختلف کھلاڑی ہیں۔انہوں نے کہاکہ عالمی کپ میں 8 سے 9 ماہ کا ہی وقت رہ گیا ہے اور ایسے میں یہ کسی کھلاڑی کے لیے ٹیم میں جگہ بنانے کے لحاظ سے اہم وقت ہے۔ لیکن پنت پر بطور وکٹ کیپر دباؤ بنانا غلط ہے۔اس سے پہلے ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی نے بھی نوجوان وکٹ کیپر کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ میدان پر پنت کے آنے پر لوگ جس طرح دھونی کے نام کے نعرے لگاتے ہیں وہ غلط ہے اور اس سے پنت پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔