سی اے اے اور این آر سی کے خلاف آرجے ڈی کی اپیل پر بہار بند کل

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 20-Dec-2019

پٹنہ: راشٹریہ جنتادل کی اپیل پر کل 21دسمبر کوشہریت قانون اور این آر سی کے احتجاج میں بہار بند کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں تیجسوی یادو نے وزیراعلیٰ نتیش کمار سمیت انتظامیہ سے واضح طور پر کہا ہے کہ اگر آرجے ڈی کے بند پر حکومت کی جانب سے کسی بھی طرح کا نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو اس کا انجام بھگتنے کے لئے انتظامیہ کو تیار رہنا چاہئے۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ جمہوریت میں کوئی بھی سیاسی پارٹی ہو یا عام آدمی مخالفت کرنے کا سب کو اختیار ہے۔ اب انتظامیہ اور حکومت میں بیٹھے لوگوں کو یہ طے کرنا ہے کہ وہ کیسے اسے مینیج کریں گے۔ تیجسوی یادو نے نتیش کمار کی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کو اس معاملے پر اپنا مؤقف واضح کرنا چاہئے ۔ اس بیچ تیجسوی یادو کی وارنگ پر اے ڈی جی جیتندر کمار نے تیجسوی یادو سے دو ٹوک کہا ہے کہ اگر کسی نے بند کے دوران ہنگامہ یا سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اور کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔ واضح ہو کہ کل بہار بند کے دوران بھاکپا مالے ،جاپ اور وی آئی پی کے کارکنان نے پٹنہ سے لے کر بہار کے دوسرے ضلعوں میں بڑے پیمانے پر ہنگامہ کیا تھا۔ اور ریل خدمات کے ساتھ ساتھ سڑک پر بھی جام جیسی صورتحال پیدا کرکے آمدورفت کو متاثر کردیا تھا۔