کھپت بڑھے بغیر اقتصادی حالات میں بہتری نہیں : شرما

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 21-Dec-2019

نئی دہلی،( یواین آئی) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر آنند شرما نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت گہرے بحران میں ہے اور اس سے نکلنے کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کر کے لوگوں کی خریداری صلاحیت بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ مسٹر شرما نے جمعہ کے روز یہاں ایسوسی ایٹڈ چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری آف انڈیا کی سالانہ کانفرنس میں کہا کہ جب تک لوگوں کی خریداری صلاحیت نہیں بڑھےگي تب تک صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ نہیں ہو گا ۔ لوگ خریداری نہیں کر پائیں گے تو اقتصادی بحران سے نمٹنا مشکل ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری کئی دہائیوں میں سب سے زیادہ سطح پر ہے اور اقتصادی بحران کی وجہ سے کروڑوں لوگوں کا روزگار چھین گیا ہے ۔ گزشتہ پانچ برسوں میں چار کروڑ لوگوں کو روزگار سے ہاتھ دھونا پڑا ہے ۔بازار ٹوٹا ہے، روپیہ میں گراوٹ آئی ہے، ٹیکسٹائل صنعت میں کمی آئی ہے ۔ گاڑی صنعت گراوٹ آئی ہے ۔