اسمتھ کوپچھاڑکر وراٹ کوہلی پھر بنے نمبر 1

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 05-Dec-2019

نئی دہلی،(آئی این ایس انڈیا)ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی نے آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ایک بار پھر نمبر 1 مقام حاصل کر لیا ہے۔انہوں نے آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو سمتھ کو پچھاڑا۔وراٹ نے بنگلہ دیش کے خلاف حال ہی میں ختم ہوئی ٹیسٹ سیریز میں اچھی کارکردگی کی جس سے ان کی درجہ بندی میں بہتری آئی۔آئی سی سی کی جانب سے جاری تازہ ٹیسٹ رینکنگ میں وراٹ کوہلی 928 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ اسٹیو سمتھ 923 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر کھسک گئے ہیں۔ایشز سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعدا سٹیو سمتھ نمبر1 بن گئے تھے، اب وراٹ کوہلی ایک بار پھر اس کرسی پر بیٹھ گئے ہیں۔وراٹ نے 4 ٹیسٹ میچوں میں کل 774 رن بنائے تھے۔وہیں، آسٹریلیا کے مارکس لابوشانے پہلی بار ٹاپ 10 میں پہنچے ہیں اور وہ 8 ویں نمبر پر ہیں۔ہندوستان کے چتیشور پجارا چوتھے اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسرے نمبر پر برقرار ہیں۔گیند بازوں میں پیسر جسپریت بمراہ پانچویں نمبر پر ہیں جبکہ آف اسپنر روی چندرن اشون 9 ویں نمبر پر ہیں۔پیٹ کمنس نمبر 1 پر اور کانگسو رباڈا نمبر 2 پر برقرار ہیں۔اسمتھ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کچھ خاص نہیں کر سکے اور اس کا اثر رینکنگ پر بھی پڑا۔اسمتھ نے برسبین ٹیسٹ میں صرف 4 رنز بنائے جبکہ ایڈلیڈ ٹیسٹ میں وہ 36 رنز بنا سکے۔وہیں، وراٹ نے بنگلہ دیش کے خلاف کولکاتہ میں کھیلے گئے پنک بال ٹیسٹ میچ میں 136 رنز کی سنچری ساز اننگ کھیلی تھی،اگرچہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں وہ صفر پر آؤٹ ہو گئے تھے ۔بال ٹیمپرنگ کی وجہ سے ایک سال کی پابندی کا سامنا کرنے والے اسمتھ نے انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹیسٹ میں نمبر 1 بنے تھے۔پاکستان کے خلاف ایڈلیڈ میں پنک بال سے کھیلے گئے ڈے۔ نائٹ ٹیسٹ میچ میں 335 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلنے والے آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کو 12 مقام کا بڑا فائدہ ہوا ہے،وہ اب پانچویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔وہیں انگلینڈ ٹیم کے کپتان جو روٹ نیوزی لینڈ کے خلاف 226 رنز کی ڈبل سنچری سازاننگ کھیلنے کے بعد ٹاپ 10 میں شامل ہو گئے،جو روٹ 7 ویں مقام پر ہیں۔