اے ایم یو کی ڈِس ایبلٹی یونٹ کی جانب سے معذوروں کو ٹرائی سائیکل، وہیل چیئر کی تقسیم

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 04-Dec-2019

علی گڑھ،(پریس ریلیز) عالمی یومِ معذور پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی ڈِس ایبلٹی یونٹ کی جانب سے بوائز پالی ٹیکنک کانفرنس ہال میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس میں معذوروں کو ٹرائی سائیکل، وہیل چیئر سمیت دیگر مصنوعی آلات تقسیم کئے گئے۔ پروگرام کے مہمان خصوصی پرو وائس چانسلر پروفیسر اختر حسیب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ معذوروں میں قدرت کی طرف سے کوئی نہ کوئی صلاحیت ضرور ودیعت کی جاتی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ایسی صلاحیتوں کی نشو و نما کرنے کے ساتھ ہی انھیں معقول مواقع فراہم کئے جائیںتاکہ وہ سماج کی تعمیر و ترقی میں اپنی حصہ داری نبھا سکیں۔ پرو وائس چانسلر نے کہاکہ یونیو رسٹی انتظامیہ معذوروں کے مفادات کے تئیں پوری طرح حساس ہونے کے ساتھ ہی ان کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے۔ انھوں نے کہاکہ یونیورسٹیوں کی فیکلٹیوں اور مختلف شعبوں میں جسمانی طور سے معذور لوگوں کیلئے ریمپ بنائے گئے ہیں اور نوکریوں اور مختلف کورسوں میں داخلہ میں سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق ریزر و یشن بھی فراہم کیا جارہا ہے۔ پروفیسر حسیب نے کہاکہ آج پوری دنیا معذوروں کے تئیں سنجیدہ ہے، یہی وجہ ہے کہ پوری دنیا میں یوم معذور منایا جارہا ہے۔ پرو وائس چانسلر نے اے ایم یو اور اس کے اسکولوں میں زیر تعلیم معذور طلبہ و طالبات کو ٹرائی سائیکل، وہیل چیئر وغیرہ تقسیم کئے۔ ڈس ایبلٹی یونٹ کے کوآرڈنیٹر رپروفیسر خالد بن یوسف نے کہاکہ اے ایم یو میں معذور طلبہ کو ہاسٹل میں مفت کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔ انھوں نے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کے ذریعہ معذور طلبہ کی بہبود کے لئے کی گئی کاوشوں کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ ان کے تعاون سے ہی ڈس ایبلٹی یونٹ کی گرانٹ میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ وائس چانسلر نے یوجی سی سے پندرہ لاکھ کی اضافی رقم بھی دلائی ہے۔ انھوں نے کہاکہ یونیورسٹی انتظامیہ نہ صرف اے ایم یو میں زیر تعلیم طلبہ کو بلکہ اسکولی طلبہ کو بھی ٹرائی سائیکل، وہیل چیئر اور دیگر مصنوعی آلات مہیا کرارہی ہے۔ یونیورسٹی کے ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر مسٹر سعد حمید نے معذوروں کے لئے مختلف شعبوں میں دستیاب روزگار کے مواقع کے بارے میں بتایا۔ شعبۂ فلسفہ کے ریٹائرڈ استاد ڈاکٹر تصدق حسین نے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہاکہ ان کی کامیابی میں معذوریت کبھی بھی رکاوٹ نہیں بنی۔ کاؤنسلر و پلیسمنٹ آفیسر ڈاکٹر سید فیض زیدی اور ڈاکٹر ریاض نے بھی اظہار خیال کیا۔ پروگرام کی نظامت راہل اور اروشا نے کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے مختلف شعبوں اور اسکولوں کے طلبہ و طالبات موجود تھے۔