سیاسی جماعتوں سے شہری ترمیمی بل کی مخالفت کرنے کی ممتا کی اپیل

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 07-Dec-2019

کلکتہ(یو این آئی)وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے شہری ترمیمی بل کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے بنگال میں اس کو نافذ نہیں ہونے دیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے آج کہا کہ شہری ترمیمی بل اور این آر سی کے نام پر فرقہ واریت کو پھیلانے اور ملک کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔ممتا بنرجی نے بابا صاحب امبیڈکر کے یوم وفات پر منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنگال میں شہری ترمیمی بل کسی بھی صورت میں نافذ ہونے نہیں دیا جائے گا۔وزیرا علیٰ نے کہا کہ این آر سی اور شہری ترمیمی بل کا مقصد صرف اور صرف ایک ہے اور یہ دونوں ایک ہی سکہ کے دورخ ہیں۔وزیرا علیٰ نے کہا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ اس بل کے خلاف متحد ہوں۔خیال رہے کہ کابینہ نے شہری ترمیمی بل کو منظور کرلیا ہے تاہم ابھی لوک سبھا اور راجیہ سبھا سے پاس ہونا باقی ہے۔ترنمول کانگریس نے پہلے ہی اس پر اپنا موقف واضح کرچکی ہے۔اس بل کے ذریعہ ہندوستان کے مسلم اکثریتی پڑوسی ممالک سے آنے والے ہندو، سکھ،جین، بدھشٹ اور عیسائیوں کو ہندوستانی شہریت دی جائے گی۔تاہم سیکولر جماعتوں کا موقف ہے کہ مذہبی بنیاد پر تفریق کیا جانا ہندوستان کے روح کے منافی ہے۔