سید حامد سینئر سکنڈری اسکول (بوائز) اور سینئر سکنڈری اسکول (گرلس) میں منشیات کے خلاف بیداری پروگراموں کا انعقاد

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-Dec-2019

علی گڑھ،(پریس ریلیز) اے ایم یو کے سید حامد سینئر سکنڈری اسکول (بوائز) اور سینئرسکنڈری اسکول (گرلس) میں منشیات کے خلاف بیداری مہم کے تحت پروگرام منعقد کئے گئے جن میں ماہرین نے نشہ خوری کے مہلک اثرات سے بچوں کو باخبر کیا اور انھیں بتایا کہ نشہ کی لت اگر کسی کو ہو تو اس کی اطلاع والدین اور بازآبادکاری مراکز میں دینا چاہئے تاکہ کاؤنسلنگ کی جاسکے۔ دونوں اسکولوں میں بیداری پروگراموں کااہتمام اے ایم یو کی فیکلٹی آف میڈیسن اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سوشل ڈیفنس، وزارت سماجی انصاف و تفویض اختیارات، حکومت ہند کے اشتراک سے کیا گیا۔ سینئرسکنڈری اسکول (گرلس) میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر عابد علی خاں (ڈپٹی ڈائرکٹر، ڈائرکٹریٹ آف اسکول ایجوکیشن ، اے ایم یو) نے کہاکہ نوعمر افراد میں نشہ خوری کی لت سے زندگی برباد ہوسکتی ہے اس لئے بچاؤ اور ساتھیوں کا تعاون بہت ضروری ہے۔ پروجیکٹ کوآرڈنیٹر پروفیسر ایم مبارک حسین، ڈاکٹر سائرہ مہناز، ڈاکٹر علی جعفر عابدی، ڈاکٹر صوفیہ ، ڈاکٹر صفیہ حبیب اور ڈاکٹر انور حسین صدیقی نے نوجوانوں کے اندر صحتمند طرز زندگی کی عادت پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے فرد اور سماج پر منشیات کے مہلک اثرات بیان کئے۔ پروگرام کے آخر میں پرنسپل محترمہ نغمہ عرفان نے اظہار تشکر کیا۔ دوسری طرف سید حامد سینئر سکنڈری اسکول (بوائز) میں منعقدہ پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے پروفیسر انور شہزاد (اسسٹنٹ ڈائرکٹر، ڈائرکٹریٹ آف اسکول ایجوکیشن، اے ایم یو) نے کہاکہ والدین اور سرپرستوں کے لئے منشیات کے خطرات سے آگاہ ہونا لازم ہے تاکہ اپنے بچوں کو وہ مضر اثرات سے بچاسکیں۔ پرنسپل مسٹر ایس ایم مصطفیٰ نے اظہار تشکر کیا۔