سیوان جنکشن پر دن دہاڑےگولی مار کر مسافر کاقتل

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 09-Dec-2019

  سیوان،(راجیش کمار) سیوان جنکشن کے پلیٹ فارم نمبر 1 پرجرائم پیشوں نے دن دہاڑے ریل تھانہ پولیس کوچیلینج کرتے ہوئے ایک ریل مسافر کو سرعام کنپٹی میں گولی مار دی جس کی وجہ سے موقع واردات پر ہی اس کی موت ہوگئی۔حادثہ کے بعد اسٹیشن کے احاطے میں افراتفری پھیل گئی اور لوگوں میں دہشت پیدا ہوگیا۔ دوسری جانب واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریل تھانہ صدر عمران عالم نے فوراً زخمی کو علاج کے لئے صدر اسپتال پہنچایا۔ ڈیوٹی پر موجود میڈیکل آفیسر ڈاکٹر احمد علی نے اسے مردہ قرار دے دیا۔مقتول کی شناخت محمد فیصل (30) ولد محمد مطیع الرحمن سیوان ضلع کے جامو بازار تھانہ حلقہ کے سلطان پور گائوں کا رہنے والا ہے۔ موت کی تصدیق کے بعد تھانہ پولیس نے نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کا عمل شروع کردیا۔ واقعہ کے سلسلے میں ریلوے کے ایس پی اشوک کمار سنگھ نے بتایا کہ متوفی اپنے گھر والوں کے ساتھ ہاوڑہ جانے کے لئے سیوان جنکشن پر ٹائیگر ایکسپریس ٹرین کا انتظار کر رہا تھا کہ اسی اثنا میں مجرموں نے کنپٹی میں محمد فیصل کو گولی مار دی جس سے اس کی موت ہوگئی۔ خبر کے لکھے جانے تک ریلوے کے ایس پی اشوک کمار سنگھ کی ہدایات کی روشنی میں سیوان ریلوے پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہا تھا۔ دوسری جانبجیسے ہی سیون ایس پی نوین چندر جھا کو واقعے کے بارے میں پتہ چلا تو ایس ڈی پی او صدر سمیت متعدد پولیس اہلکار کے ساتھ سیوان صدر اسپتال پہنچے اور واقعے کی تفتیش شروع کردی۔ اس بات کی اطلاع جیسے ہی مقتول کے گاؤں اور اس کے اہل خانہ کوملی تو سینکڑوں لوگ صدر اسپتال پہنچ گئے۔