شہریت ترمیمی بل پر جل رہا آسام، گوہاٹی میں کرفیو

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-Dec-2019

گوہاٹی: شہریت ترمیمی بل کو لیکر بڑے پیمانے پر احتجاج کے درمیان قانون وانتظام کی صورت حال کو سنبھالنے کیلئے بدھ کو آسام کے گوہاٹی میں لگائے گئے کرفیو کو غیر معینہ مدت کیلئے بڑھا دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آسام کے 10 اضلاع میں بدھ کی شام 7 بجے سے 24 گھنٹے کیلئے انٹرنیٹ خدمات بھی بند کردی گئی ہیں۔ حالانکہ اس کے بعد بھی ہزاروں کی تعداد میں لوگ سڑکوں پر مظاہرہ کررہے ہیں۔ فوج کو بھی اسٹینڈ بائے پر رکھا گیا ہے جبکہ سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر نیم فوجی دستوں کے 5000 جوانوں کو بھیجا گیا ہے۔فوج کے پی آر او لیفٹیننٹ کرنل پی کھونگسئی نے کہا کہ گوہاٹی میں فوج کی دو ٹکڑیاں تعینات کی گئی ہیں اور وہ فلیگ مارچ نکال رہے ہیں۔ تنسکیا سے جانکاری ملی ہے کہ وہاں بھی فوج تعینات کردی گئی ہے اور وہاں بھی فلیگ مارچ نکالے جارہے ہیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آسام لا اینڈ آرڈر مکیش اگروال نے بتایا کہ شام 6 بجکر 15 منٹ پر کرفیو لگایا گیا تھا جسے غیر معینہ مدت تک کیلئے بڑھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا، ہم وقت۔وقت پر حالات کا جائزہ لیں گے اور اسی کے مطابق کرفیو ہٹانے پر فیصلہ لیں گے۔