نیتانند کے بارے میں تمام ممالک کو اطلاعات بھیجی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 07-Dec-2019

نئی دہلی(یو این آئی) وزارت خارجہ نے مفرور سنیاسی گرو نیتانند کے بارے میں دنیا بھر کے اپنے مشنوں کے ذریعہ تمام ممالک کو مطلع کیا ہے اور انہیں پناہ نہ دینے کی درخواست کی ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے یہاں باقاعدہ بریفنگ میں کہا کہ وزارت خارجہ کے پاس اس معاملے کے دو پہلو ہیں۔ ایک پاسپورٹ کا معاملہ ہے جو اکتوبر 2008 میں بنایا گیا تھا اور اسے 2018 میں ختم ہونا تھا لیکن وزارت خارجہ نے شکایت موصول ہونے پر مدت پوری ہونے سے بہت پہلے پاسپورٹ منسوخ کردیا تھا۔ بعد میں ، جب اس نے دوبارہ پاسپورٹ بنوانے کی کوشش کی تو پولیس رپورٹ منفی ہونے کی وجہ سے جاری نہیں کیا گیا۔مسٹر کمار نے کہا کہ دوسرا پہلو حوالگی ہے۔ وزارت خارجہ متعلقہ ایجنسیوں سے درخواست کی وصولی کے بعد حوالگی کی کارروائی شروع کرتی ہے اور ابھی تک اسے کسی ایجنسی کی طرف سے ایسی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ نے حال ہی میں اپنے مشنوں کے ذریعے دنیا بھر کے تمام ممالک کو یہ آگاہ کیا ہے کہ یہ شخص ہندوستان میں عدالت کو مطلوب ہے اور اسے مفرور قرار دیا گیا ہے۔ نیتانند کے ایکواڈور میں ہونے اور اپنے آپ کو ایک ملک قرار دینے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ کسی کو نہیں معلوم کہ وہ کس ملک میں ہیں۔