پرتھوی کی پہلی ڈبل سنچری، بڑودہ کو 534 رنز کا ہدف

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-Dec-2019

بڑودا،(یواین آئی) نوجوان بلے باز پرتھوی شا (202 رن) کی پہلی فرسٹ کلاس ڈبل سنچر ی اور ان کے ساتھ کپتان سوريہ کمار یادو (ناٹ آوٹ 102) کی سنچری کی بدولت ممبئی نے بڈودا کے خلاف رنجی ٹرافی گروپ اے اور بی مقابلے میں تیسرے دن بدھ کو اپنی دوسری اننگز چار وکٹ پر 409 رن بنا کر ڈکلیئر کردی۔ اسی کے ساتھ ممبئی نے بڑودا کے سامنے جیت کیلئے 534 رنز کا بڑا ہدف بھی رکھا۔ممبئی نے پہلی اننگز میں 431 رن بنائے تھے۔ وہیں بڑودا نے پہلی اننگز میں اوپنر کیدار دیودھر کی ناٹ آؤٹ 160 رنز کی اننگز کی مدد سے 307 رن بنائے۔ بڑودا کی اننگز میں ممبئی کے شمس ملاني نے 99 رن پر چھ وکٹ لئے۔اس کے بعد ممبئی دوسری اننگز میں کھیلنے اتری جس کیلئےسلامی بلے باز پرتھوی نے 179 گیندوں میں 19 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 202 رنز بنا ڈالے۔ بی سی سی آئی سے ڈوپنگ کے الزام میں آٹھ ماہ کی پابندی کا سامنا کرنے والے 20 سال کےپرتھوی کی یہ پہلی فرسٹ کلاس ڈبل سنچری ہے۔ ان کے ساتھ جے بستا (68) نے پہلے وکٹ کیلئے 190 رن جوڑے جبکہ کپتان سوريہ كمار نے بھی بڑے اسکور والے اس میچ میں ناٹ آؤٹ 102 رنز کی سنچری اننگز کا تعاون دیا۔ ان کے ساتھ آدتیہ تارے 19 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جس کے ساتھ ممبئی نے اپنی اننگز ڈکلیئر کردی۔بڑودا کے سامنے پھر ممبئی نے دوسری اننگز میں 534 رنز کا تقریبا ناممکن سا ہدف رکھ دیا جس کے جواب میں اس نے اسٹمپس تک تین وکٹ کے نقصان پر 74 رنز بنا لئے ہیں۔ وراج بھوسلے نے 41 رن بنائے۔