پٹنہ یونیورسٹی کی تصویر بدلنے کے لئے مل کرکام کرنے کا عزم

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 09-Dec-2019

پٹنہ: پٹنہ یونیورسٹی طلبا یونین کے نومنتخب صدر منیش کمار نے کہا ہے کہ طلبا کی تحریک سے طلبا جن ادھیکار پارٹی کی پہچان بنی ہے اس پہچان کو مٹنے نہیں دیا جائے گا۔ پٹنہ یونیورسٹی کے مسائل کو دور کرنے کے لئے وائس چانسلر سے لے کر وزیراعلیٰ تک سے ملاقات کریں گے۔ کالجوں میں ٹیچروں کی تقرری ، کیمپس کی حفاظت ، پلیس منٹ سیل کی تشکیل، بڑھتے فیس پر روک، سنٹرل لائبریری کو 24گھنٹے کھلا رکھنا جیسے معاملے ان کی ترجیحات میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا یونین کے انتخاب میں ہمارے جوبھی ساتھی منتخب ہوکر آئے ہیں ہم لوگ سبھی طلبا کے مسائل کے حل کے لئے متحد ہوکر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا جاپ نے اے آئی ایس ایف کے ساتھ مل کر انتخاب لڑنے کا فیصلہ طلبا کے مفاد میں کیاتھا۔ تنظیم کے ساتھیوں سے رائے مشورہ کرکے ان کے مطالبات کو ہرحال میں پورا کرانے کی کوشش کروں گا۔ سڑک سے لے کر سینیٹ کی میٹنگ تک طلبا سیاست کا اثر دیکھنے کو ملے گا۔