ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کو چھ وکٹوں سے دی مات

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 07-Dec-2019

حیدرآباد:تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں کپتان وراٹ کوہلی کی شاندار اننگز کی بدولت ہندوستان نے حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز کو چھ وکٹوں سے شکست دی ۔ ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورس میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 207 رنوں کا بڑا اسکور کھڑا کیا ، جس کو ہندوستانی ٹیم نے 18.4 اوورس ہی میں چار وکٹ کھوکر حاصل کرلیا ۔ہندوستان کی شروعات تو بہت اچھی نہیں رہی اور سلامی بلے باز روہت شرما صرف 8 رن بناکر ہی پویلین لوٹ گئے ، مگر اس کے بعد دوسرے سلامی بلے باز کے ایل راہل اور کپتان کوہلی نے شاندار اننگز کھیلی اور دونوں کے درمیان سنچری کی شراکت داری ہوئی ۔ مگر راہل 40 گیندوں پر 62 رن بناکر آوٹ ہوگئے ۔ اس کے بعد ریشبھ پنت نے بھی چھوٹی مگر طوفانی اننگز کھیلی اور انہوں نے 9 گیندوں پر 18 رن بنائے ۔ تاہم ایک طرف سے کپتان کوہلی کریز پر جمے رہے اور انہوں نے چھکا لگا کر ٹیم انڈیا کو جیت دلائی ۔ کوہلی نے 50 گیندوں پر 94 رنوں کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی ۔ علاوہ ازیں سریش ائیر نے چار رن بنائے ۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے كھیری پئرے نے دو جبکہ کوٹریل اور پولارڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔اس سے قبل ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرنے کیلئے اتری ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو پہلا جھٹکا 13 کے ہی مجموعی اسکور پر لینڈل سیمنس کی شکل میں لگا ، لیکن اس کے بعد ایون لوئس اور کنگ نے مل کر طوفانی اننگز کھیلی ۔ لوئس نے 17 گیندوں میں 40 رن جبکہ کنگ نے 23 گیندوں میں 31 رن بنائے ۔ لوئس کے آوٹ ہونے کے بعد ہیٹ مائر میدان پر آئے اور انہوں نے تیز رفتاری سے نصف سنچری بنائی ۔ ہیٹ مائر 41 گیندوں پر 56 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ کپتان پولارڈ نے بھی اپنا ہاتھ دکھایا اور 19 گیندوں پر 37 رنوں کی اننگز کھیلی ۔ آخر میں جیسن ہولڈر نے 9 گیندوں پر 24 رنوں کی طوفانی اننگز کھیل کر ٹیم کے اسکور کو 200 کے پار پہنچادیا ۔ اس کے علاوہ رامدین نے بھی سات گیندوں میں 11 رن بنائے ۔ٹیم انڈیا کی طرف سے سب کامیاب چہل رہے ، جنہوں نے چار اوورس میں 36 رن دے کر دو وکٹ حاصل کئے ۔ اس کے علاوہ واشنگٹن سندر ، ڈی چاہر اور جڈیجہ کو ایک ایک وکٹ ملا ۔ ڈی چاہر کافی مہنگے ثابت ہوئے اور انہوں نے چار اوورس میں 56 رن خرچ کئے ۔