115000میٹرک ٹن دھان کی خریداری کا نشانہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 03-Dec-2019

پٹنہ،(تاثیر بیورو)ضلع مجسٹریٹ کمار روی کی صدارت میں آج خریف مارکیٹنگ موسم 2019-20 کے تحت دھان کی وصولی کیلئے ٹاسک فورس کی میٹنگ منعقد کی گئی۔ میٹنگ میں ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ مالی سال 2019-20 میں جنرل دھان 1815 روپئے فی کوئنٹل، گریڈ اے 1835 روپئے فی کوئنٹل کی شرح سے خریدنے کی شرح طئے کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پیکسوں ؍ ویپار منڈلوں کے ذریعہ کی گئی دھان کی وصولی کے مطابق 2019-20 کیلئے کم سے کم 115000 مٹرک ٹن نشانہ ہے۔ اس سال اب تک 1259 کسانوں نے دھان کی فروخت کیلئے آن لائن رجسٹریشن کرایا ہے۔ کسان زیادہ سے زیادہ 200 کوئنٹل تک اور دوسرے کی زمین پر کھیتی کرنے والے کسان 75 کوئنٹل تک دھان کی فروخت کر سکیں گے۔ ضلع کے آڈیٹیڈ اور صاف ستھری شبیہ رکھنے والے 235 پیکس اور 16 بیپار منڈلوں کو ملاکر کل 251 کمیٹیاں دھان کی خریداری کیلئے نوٹیفائیڈ کی گئی ہیں۔