جے این یو وائس چانسلراوردہلی پولیس کمشنر برخاست ہوں: سبل

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 08-Jan-2020

نینی تال،(یو این آئی) سینیئر کانگریس کے رہنما اور سابق مرکزی وزیر کپِل سبل نے دہلی واقع جواہرلعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں ہوئے حملے کے سلسلے میں مرکزی حکومت کو ہدفِ تنقید بنایا ہے اور جے این یو کے وائس چانسلر اور دہلی پولیس کے کمشنر کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مسٹر سبل نے یہاں صحافیوں سے کہا کہ مودی حکومت جب سے اقتدار میں آئی ہے تب سے یونیورسٹیوں کا ماحول خراب کیا جا رہا ہے۔ انھیں سیاست کا اڈہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سازش کے تحت غنڈوں کو جے این یو بھیجا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں جے این یو کے وائس چانسلر اور دہلی پولیس کمشنر کو برخاست کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے سوال کیا کہ وائس چانسلر اور پولیس کمشنر نے فوراً وزیر داخلہ سے بات کیوں نہیں کی؟ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر داخلہ نے بھی ان دونوں سے فوراً بات کیوں نہیں کی؟ جے این یو میں مسلسل ہونے والے تشدد کے بارے میں انہوں نے کہا کہ جے این یو میں حکومت کے خلاف پرامن مظاہرے ہو رہے ہیں۔