دھون نیوزی لینڈ کے ٹی -20 دورے سے باہر، پرتھوی کو مل سکتا ہے موقع

Taasir Hindi News Network | Uploaded on 22-Jan-2020

نئی دہلی،(یو این آئی ) ہندوستانی اوپنر شکھر دھون کندھے کی چوٹ کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹوئنٹی 20 میچوں کی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں اور اس سیریز کے لیے نوجوان بلے باز پرتھوی شا کو موقع مل سکتا ہے، اگرچہ بی سی سی آئی نے شکھر کی جگہ کسی متبادل کھلاڑی کا اعلان نہیں کیا ہے۔اس دورے کے لیے وراٹ کوہلی کی قیادت والی ٹیم انڈیا پیر کو ہی آکلینڈ روانہ ہو گئی تھی۔ شکھر کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے بنگلور میں آخری میچ کے دوران چوٹ لگ گئی تھی۔ شکھر ہندستانی ٹیم کے ساتھ نیوزی لینڈ کے دورے پر نہیں گئے ہیں۔ سلیکٹرز نے فی الحال شکھر کی جگہ دوسرے کھلاڑی کے نام کا اعلان نہیں کیا ہے۔ ہندستان اے ٹیم اس وقت نیوزی لینڈ کے دورے پر ہے اور اس ٹیم کے ہی کسی کھلاڑی کو ہندوستانی ٹیم کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔نوجوان اوپنر پرتھوی ٹیم میں شکھر کی جگہ لینے کے مضبوط دعویدار مانے جا رہے ہیں۔ پرتھوی نے حال ہی میں نیوزی لینڈ الیون کے خلاف 50 اوور کے ون ڈے پریکٹس میچ میں صرف 100 گیندوں پر 150 رنز کی زبردست اننگز کھیلی تھی۔ دلچسپ ہے کہ پرتھوی رنجی ٹرافی میچ میں اپنا کندھا زخمی کر بیٹھے تھے اور کندھے کی چوٹ پر قابو پانے کے بعد وہ نیوزی لینڈ کے دورے میں ہندستان اے ٹیم میں شامل ہوئے۔بلے باز شکھر آسٹریلیا کے خلاف بنگلور میں آخری ون ڈے میچ کے دوران آرون فنچ کے شاٹ کو روکنے کی کوشش میں کندھے کے بل گر پڑے تھے۔ اس کے بعد وہ فوری طور پر میدان سے باہر چلے گئے اور ہندستانی ٹیم کے ہدف کا تعاقب کرنے کے دوران بلے بازی کرنے نہیں اترے۔ انہیں دوبارہ میچ کے دوران ہی ایکسرے کے لئے اسپتال لے جایا گیا۔ میچ کے بعد شکھر ڈریسنگ روم میں کندھے پر پٹی باندھے دیکھا گیا تھا۔ اس میچ کو ہندستان نے جیت کر سریز 2-1 سے اپنے نام کر لی تھی۔ہندستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹوئنٹی 20 سریز 24 جنوری سے شروع ہوگی، اس کے بعد تین ون ڈے میچوں کی سیریز پانچ فروری سے شروع ہوگی۔ اگر شکھر ٹی -20 سیریز کے بعد تک بھی فٹ نہیں ہو پاتے ہیں تو ہندستانی ٹیم کے پاس سنجو سیمسن، مینک اگروال اور پرتھوی شا میں سے کسی کو منتخب کرنے کا اختیار ہو سکتا ہے جس میں پرتھوی کا دعوی غالب مانا جا رہا ہے۔یہ کھلاڑی ہندستان اے ٹیم کے ساتھ اس وقت نیوزی لینڈ کے دورے پر ہیں جہاں ہندستان اے اور نیوزی لینڈ الیون کے درمیان بدھ سے تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی جانی ہے۔ گزشتہ سال نیوزی لینڈ میں ون ڈے ڈیبو کرنے والے شبھمن گل بھی ہندستان اے ٹیم کا حصہ ہیں۔سیمسن اگرچہ ان کھلاڑیوں میں اکیلے ایسے کھلاڑی ہیں جو ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبو کر چکے ہیں۔ وہ اس ماہ کے شروع میں سری لنکا کے خلاف کھیلے تھے لیکن روہت کی واپسی کے بعد وہ نیوزی لینڈ کے دورے سے باہر ہو گئے ہیں۔شکھر کو گزشتہ سال ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی -20 سریز سے پہلے بھی پیر میں چوٹ لگ گئی تھی، اس وقت ٹیم میں سیمسن نے ان کی جگہ لی تھی۔