سچن، والش بش فائیر ریلیف میچ میں کریں گے کوچنگ

Taasir Hindi News Network | Uploaded on 22-Jan-2020

میلبورن،(یو این آئی ) ہندستان کے افسانوی بلے باز سچن تندولکر اور کورٹنی والش آسٹریلیا کے جنگلوں میں لگی آگ کے لیے کھیلے جانے والے ریلیف میچ میں ستاروں سے آراستہ کرکٹ ٹیم کے لیے کوچ کا کردار نبھائیں گے۔نمائشی میچ کے منتظمین نے منگل کو اس کی اطلاع دی۔ سابق ٹیسٹ کپتانوں کے علاوہ آسٹریلیا کے ایڈم گلکرسٹ، بریٹ لی، مائیکل کلارک اور شین واٹسن بھی اس خوفناک آگ سے متاثرین کیلئے عطیہ کی اپیل کر رہے ہیں۔ہندستان کے سچن اور ویسٹ انڈیز کے تیز گیند باز والش کوچ کے کردار میں ہوں گے جبکہ رکی پونٹنگ اور شین وارن کپتان کے کردار میں ہوں گے۔ اسٹیو وا اور آسٹریلیا کے کوچ جسٹن لینگر بھی غیر کھلاڑی کے کردار میں ہوں گے۔کرکٹ آسٹریلیا کے سربراہ کیون رابرٹس نے کہاکہ ہم سچن اور کورٹنی کا آسٹریليا میں خیر مقدم کرتے ہیں جہاں دونوں کھلاڑیوں کو کھیلنا بہت پسند ہے اور ہم سے انتظار نہیں ہو رہا ہے۔بگ بیش لیگ فائنل سے پہلے 8 فروری کو یہ نمائشی میچ کھیلا جائے گا جس سے ملنے والی آمدنی کو آسٹریلیا ریڈ کراس کو دیا جائے گا جو جنگلوں میں لگی آگ کے امدادی کام میں لگی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے ساتھ ہی آگ سے متاثر کرکٹ کلبوں کو بھی 20 لاکھ آسٹریلوی ڈالر کی مدد دی ہے۔ اس آگ میں اب تک 29 لوگوں کی موت ہوئی ہے جبکہ 50 کروڑ سے زائد جانور ہلاک ہوئے ہیں۔کھیل کی دنیا کے کئی سابق کھلاڑیوں نے بھی اس ریلیف کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے جس میں وارن نے اپنی بیگی گرین کی نیلامی سے تقریبا 10 لاکھ آسٹریلوی ڈالر جمع کئے ہیں۔ ٹینس اسٹار سرینا ولیمز نے آکلینڈ کلاسک خطاب سے ملے 43 ہزار ڈالر کی انعامی رقم کے چیک کو بش فائیر میں عطیہ دیا ہے جبکہ راجر فیڈرر اور دیگر اعلی ٹینس کھلاڑیوں نے آسٹریلین اوپن سے قبل نمائشی میچ کھیل کر فنڈز جمع کیا ہے ۔